سنچورین ٹیسٹ کا دوسرا دن: جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں301 پر آؤٹ، پاکستان پر 90 رنز کی برتری

سنچورین ٹیسٹ کا دوسرا دن: جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں301 پر آؤٹ، پاکستان پر 90 ...
سنچورین ٹیسٹ کا دوسرا دن: جنوبی افریقہ پہلی اننگز میں301 پر آؤٹ، پاکستان پر 90 رنز کی برتری

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

سنچورین (ڈیلی پاکستان آن لائن )دو ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں میزبان جنوبی افریقہ پاکستان کے 211 رنز کے جواب میں 301 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی اور اسے مہمان ٹیم پر 90 رنز کی برتری حاصل ہوگئی۔
ڈان نیوز کے مطابق سنچورین میں کھیلے جارہے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں پروٹیز کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے ایڈن مارکرم 89 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کوربن بوش 81 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے، قومی ٹیم کی جانب سے خرم شہزاد اور نسیم شاہ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ عامر جمال 2 اور محمدرضوان اور صائم ایوب ایک، ایک وکٹ حاصل کر سکے۔
پہلی اننگز میں قومی ٹیم 211 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، پاکستان کی جانب سے کامران غلام 54 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے جبکہ ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام رہا اور کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کرسکا، کم بیک کرنے والے بابر اعظم بھی صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
قومی ٹیم کی جانب سے اوپننگ کا آغاز صائم ایوب اور کپتان شان مسعود نے کیا، ون ڈے اور ٹی 20 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے نوجوان بیٹر صائم ایوب 14 اور کپتان شان مسعود 17 رنز بنا کر پویلین لوٹے، اس کے بعد کم بیک کرنے والے بابر اعظم بھی سکور میں خاطر خواہ اضافہ نہ کرسکے اور 4 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، نائب کپتان سعود شکیل بھی کریز پر زیادہ دیر قیام نہ کرسکے اور 3 چوکوں کی مدد سے 14 رنز بنانے کے بعد وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے۔
18 ویں اوور میں 56 رنز پر 4 کھلاڑیوں کے پویلین لوٹ جانے کے بعد کامران غلام اور محمد رضوان نے اننگز کو آگے بڑھایا، کامران غلام نے نصف سنچری سکور کی، وہ 54 اور محمد رضوان 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
اس کے بعد وقفے وفقے سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا اور پوری ٹیم چائے کے وقفے کے بعد پہلی اننگز میں صرف 211 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی، جنوبی افریقہ کی جانب سے ڈین پیٹرسن نے 5 اور ٹیسٹ ڈیبیو کرنے والے کوربن بوسک نے 4 کھلاڑیوں کا شکار کیا۔
قبل ازیں پاکستان ٹیم نے سنچورین کی وکٹ کو دیکھتے ہوئے 4 فاسٹ باؤلرز کے ساتھ جانے کا فیصلہ کیا، انگلینڈ کے خلاف آخری 2 ٹیسٹ میں ڈراپ ہونے والے بابر اعظم کی بھی واپسی ہوئی ہے جبکہ ون ڈے سیریز میں مسلسل ناکام رہنے والے عبداللہ شفیق بھی پلیئنگ الیون میں جگہ نہیں بنا سکے۔
اس کے علاوہ فاسٹ باؤلر محمد عباس نے بھی قومی ٹیم میں3 سال بعد کم بیک کیا ہے .

میچ کے لئے دونوں ٹیمیں ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہیں
پاکستان: شان مسعود (کپتان)، بابر اعظم، صائم ایوب، کامران غلام، سلمان علی آغا، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، سعود شکیل (نائب کپتان)، عامر جمال، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور محمد عباس
جنوبی افریقہ: ٹیمبا باووما (کپتان)، ایڈن مرکرم، ٹونی زی زورزی، ریان رکلٹن، ٹرسٹن سٹبز، ڈیوڈ بیڈنگھم، کائل ویریننے (وکٹ کیپر)، مارکو جانسن، کگیسو ربادا، دین پیٹرسن، کوربن بوش

مزید :

کھیل -