کوئی افغان شہری 31دسمبر کے بعد اسلام آباد میں نہیں رہ سکے گا،محسن نقوی
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاہے کہ کوئی افغان شہری 31دسمبر کے بعد اسلام آباد میں نہیں رہ سکے گا،جو افغان شہری رہے گا وہ این او سی پر ہی دارالحکومت میں رہ سکے گا،اگر کسی افغان شہری کو اسلام آباد میں رہنا ہے تو ڈی سی آفس سے این او سی لینا ہوگا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کل ایک دم سے بھاگے اس کے بعد پروپیگنڈا شروع ہو گیا کہ اتنی ہلاکتیں ہو گئیں،پراپیگنڈا کیا گیا کہ 33لاشیں ایک ہسپتال میں ہیں،اگر پی ٹی آئی کا کوئی بندہ ہلاک ہوا ہے تو ہمیں بتائیں،انہیں اپنی شرمندگی چھپانے کا کوئی موقع نہیں مل رہا۔اگر کوئی مرا ہے تو مجھے اس کا نام ہی بتا دیں،چیلنج کرتا ہوں کہ اگراموات ہوئی ہیں تو نام سامنے لائیں،پی ٹی آئی کے شرپسند ہسپتالوں میں لاشیں تلاش کررہے ہیں،اگر پی ٹی آئی کو دوبارہ آنا ہے تو آ جائیں،
وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ سڑکیں کھل گئیں، اسلام آباد روٹین پر آ چکا ہے،جو تھوڑی بہت چیزیں رہ گئیں وہ شام تک روٹین پر آ جائیں گی،ایک ہی ترجیح ہے کہ زندگی معمول پر آ جائے،ان کاکہناتھا کہ گرفتار لوگوں سے متعلق چیف کمشنر اور آئی جی نے تفصیلات بتا دی ہیں،ایف 9والا فلائی اوور ٹریفک کیلئے 60دن سے پہلے اوپن کردیں گے۔
محسن نقوی نے کہاکہ انہوں نے کتنی آنسو گیس چلائی، ہم اس کا ڈیٹا شیئر کریں گے،وزیراعظم اور کابینہ کو اس بارے میں رپورٹ پیش کریں گے،جو چار دن صورتحال رہی صرف اس پر بریفنگ ہی کابینہ کے ایجنڈے میں شامل ہے۔