تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے، تشدد اور انتہا پسندی کے حامی نہیں، شبلی فراز
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شبلی فراز نے کہا ہے کہ تمام سیاسی قیدیوں کو رہا کیا جائے ،ہم تشدد اور انتہاپسندی کے حامی نہیں۔
"ڈان نیوز "کے مطابق اسلام آباد میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان سے لے کر تمام ورکرز کو سیاسی مقدمات میں الجھایا گیا ہے، ہم پرامن جماعت ہیں اور کسی قسم کے تشدد اور انتہاپسندی کے حامی نہیں ہیں۔ہم تمام غیر جمہوری طور طریقوں کی مذمت کرتے ہیں، یہ ملک آئین کی بنیاد پر چلنا چاہیے، حکومت کے ساتھ مذاکرات میں اس تاثر کو رد کرنا چاہتے ہیں کہ عمران خان اپنے لئے گنجائش ڈھونڈ رہے ہیں، وہ پاکستان کی عوام کے لیے جیل کے اندر ہیں اور انہوں نے جو اصولی مؤقف اپنایا ہوا ہے اس پر وہ قائم ہیں، جو بھی بات چیت ہوگی اسی تناظر میں ہوگی۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ500 سے زائد دن ہوگئے ہیں، عمران خان اپنی پوزیشن پر قائم ہیں، مذاکرات کی کامیابی اور ناکامی کی ذمہ دار برائے نام حکومت ہوگی، مہنگائی نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔
رہنما پی ٹی آئی عمر ایوب کا کہنا تھا کہ یہ ایسا دور ہے جہاں معلومات لوگوں تک پہنچ جاتی ہیں، حکومت کی جانب سے انٹرنیٹ کی رفتار کے سست کرنے کے باوجود نوجوانوں تک انفارمیشن پہنچ جاتی ہے۔
سمگلنگ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی سرحد پر معاملات جن لوگوں کے ہاتھ میں ہیں، ان سے ضرور سوال کیا جائے، ریاستی وسائل کو بروکار لاکر سمگلنگ کا سدباب کیا جائے اور یہ صرف اس صورت ممکن ہوگا جب ادارے اپنا کام کریں گے۔