چیئرمین پی اے سی کون ہو گا، فیصلہ میں کروں گا، کوئی حکومتی عہدیدار نہیں، عمران خان برس پڑے
اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی (پی اے سی)کے چئیرمین کی نامزدگی کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے دئیے گئے نام پر فل اسٹاپ لگاتے ہوئے عہدے کے لیے شیخ وقاص اکرم کا نام برقرار رکھا اور کہا ہے اس حوالے سے فیصلہ میں کروں گا، کوئی حکومتی عہدیدار نہیں۔
ذرائع کے حوالے سے میڈیارپورٹس کے مطابق چیئرمین پی اے سی کی نامزدگی کے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے بانی چئیرمین نے پی ٹی آئی کی قیادت کی سرزنش کی۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی سے چیئرمین پی اے سی کون ہو گا فیصلہ میں کروں گا، شہباز شریف یا دیگر حکومتی عہدیدار نہیں، میری طرف سے چئیرمین پی اے سی کے لئے پہلا دوسرا، تیسرا اور چوتھا نام بھی شیخ وقاص اکرم ہی ہو گا۔
ذرائع نے کہا کہ سابق وزیراعظم نے پی اے سی چئیرمین شپ نہ ملنے پر قائمہ کمیٹیوں کی چئیرمین شپ سے بھی استعفی ہونے کا عندیہ دے دیا۔چیئرمین پی اے سی کے لیے طارق فضل چوہدری کی جانب سے دو بار خط لکھا گیا تھا، پی ٹی آئی نے پہلے جوابی خط میں شیخ وقاص اکرم کا نام دیا تھا، دوسرے خط میں مسلم لیگ ن کے چیف وہپ کی جانب سے 4 ناموں کا پینل مانگا گیا تھا۔
اس پر پی ٹی آئی نے عمران خان کی مشاورت کے بعد شیخ وقاص اکرم کا نام مقرر رکھا گیا تھا اور ہمارا پہلا نام ، دوسرا نام، تیسرا نام اور چوتھا نام بھی شیخ وقاص اکرم ہی ہو گا۔پی ٹی آئی اپنا حتمی جواب آئندہ ہفتے جمع کروائے گی۔