جو شخص ہم سے ہاتھ نہیں ملانا چاہتا تھا اس کو اب کیا ہوا ؟ یہ مکمل یوٹرن ہے: خواجہ آصف
کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ جو شخص ہم سے ہاتھ نہیں ملانا چاہتا تھا اس کو اب کیا ہوا ؟ یہ مکمل یوٹرن ہے ۔
"جیو نیوز" کے پروگرام ’’آج شاہ زیب خانزادہ کیساتھ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ میں مذاکرات کے خلاف نہیں ہوں، میں بار بار پوچھ رہا ہوں کہ جو شخص ہم سے ہاتھ نہیں ملانا چاہتا تھا اس کو اب کیا ہوا ہے؟ اس شخص میں یہ تبدیلی کس طرح آئی؟ یہ مکمل یوٹرن ہے۔ مجھے پی ٹی آئی میں سنجیدگی کی کمی نظر آرہی ہے، میری دعا ہے کہ مذاکرات کامیاب ہوں، میں سو فیصد مذاکرات کے حق میں ہوں، ان کی بےصبری دیکھیں، پی ٹی آئی ہمارے ذریعے اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنے کو تیار ہے۔میں نہیں کہہ رہا کہ مذاکرات نہ کریں، لیکن محتاط ضرور رہنا چاہیے، پی ٹی آئی آج بھی لگی ہوئی ہے لوگ باہر سے پیسے نہ بھیجیں، بیرون ملک پاکستانی اپنے وطن پیسے بھیجتے ہیں، میرے لیے یا پی ٹی آئی کیلئے نہیں بھیجتے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی مینڈیٹ والی بات سے بھی پیچھے ہٹے ہیں، دیکھیں گے کہ پی ٹی آئی کے 2 مطالبات پر کیا ہوتا ہے۔
وزیر دفاع نے اپنے بارے میں کہا کہ پارلیمنٹ میں تقریباً 34 سال ہوگئے ہیں، اگر لیڈرشپ نے اجازت دی تو سیاست کو ضرور خیرباد کہہ دوں گا۔
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ بائیڈن انتظامیہ صہیونی ریاست کے زیادہ زیر اثر تھی، ہمیں اپنے دفاع کا مکمل حق ہے، ایٹمی اور میزائل پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔