کراچی میں منشیات کیس کی سماعت، چرس، کھجور اور کرسٹل، گرم مصالحہ میں تبدیل ہوگئی،وضاحت طلب
کراچی (آئی این پی )ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سائوتھ کی عدالت میں منشیات کے مقدمے میں چرس کھجور میں تبدیل ہوگئی، کرسٹل گرم مصالحہ بن گیا۔
میڈیارپورٹ کے مطابق لیاری کے علاقے کلاکوٹ سے ملزم سے منشیات برآمدگی کے کیس کی سماعت ہوئی، ایف آئی آر کے مطابق مئی 2023 میں کلاکوٹ پولیس نے ملزم غلام مصطفی کے قبضے سے منشیات برآمد کی تھی۔مقدمے کے متن کے مطابق ملزم سے 3 کلو چرس اور 300 گرام کرسٹل برآمد کی گئی تھی، کیمیکل ایگزامنر نے جانچ کے بعد چرس اور کرسٹل کی تصدیق کی تھی۔
استغاثہ کے گواہان کی جرح کے دوران سیل شدہ کیس پراپرٹی کھولی گئی، وکیل صفائی نے دعوی کیا کہ مذکورہ اشیا چرس نہیں کھجور ہے، وکیل صفائی کے اعتراض پر عدالت نے کیس پراپرٹی کا معائنہ کیا۔سماعت کرنے والے جج بھی حیران رہ گئے اور کہا کہ کیس پراپرٹی سے کھجور جیسی خوشبو آرہی ہے، عدالت نے تفتیشی افسر سے وضاحت طلب کرلی۔
عدالت کی آبزرویشن کو کیس کے ریکارڈ کا حصہ بنا دیا گیا، تفتیشی افسر نے کیس پراپرٹی مئی 2023 میں مال خانے میں جمع کروائی تھی۔دوسری جانب ایک الگ مقدمے میں کراچی کی انسداد منشیات کورٹ نے 108 کلو چرس برآمدگی کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے جرم ثابت ہونے پر ملزم طارق عزیز کو 20 سال قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے ملزم پر 8 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کردیا۔استغاثہ کے مطابق ملزم طارق عزیز کو جون 2024 میں لیاری بستی روڈ تئیسر ٹان سے گرفتار کیا گیا تھا، ملزم سوزوکی گاڑی چلا رہا تھا، جس میں سے 108 کلو چرس کے 90 پیکٹ برآمد ہوئے تھے۔ملزم کے خلاف اے این ایف کلفٹن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، تاہم ملزم کا موقف تھا جس وقت چرس برآمد کی گئی وہ اس جگہ سے بہت دور تھا۔