مذاکرات کے حق میں نہیں ہوں، نہیں لگتا مذاکرات کامیاب ہوں گے، جنید اکبر
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نئے صوبائی صدر جنید اکبر کا کہنا ہے کہ میں مذاکرات کے حق میں نہیں ہوں، جن افراد کے پاس اختیار نہ ہو ان کے ساتھ بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
جنید اکبر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں صوبائی صدر کی ذمہ داری سونپی گئی ہے اور وہ اس منصب کو بھرپور طریقے سے نبھانے کے لئے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں ہر فرد کو آگے بڑھنے کا موقع ملتا ہے اور یہ پارٹی ایک ایسی جگہ ہے جہاں اختلاف رائے بھی سامنے آتے ہیں، جس کی وجہ سے مختلف گروہ بنتے ہیں۔
جنید اکبر نے مزید کہا کہ ’بانی جس کے سر پر ہاتھ رکھے گا، لوگ اس کے ساتھ ہوں گے‘۔ انہوں نے پارٹی کی قیادت اور یکجہتی پر زور دیا۔
ایک سوال کے جواب میں جنید اکبر نے کہا کہ وہ مذاکرات کے حق میں نہیں ہیں اور ان کا ماننا ہے کہ جن افراد کے پاس اختیار نہیں ہوتا، ان کے ساتھ بات کرنے کا کوئی فائدہ نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ انہیں یہ نہیں لگتا کہ مذاکرات کامیاب ہوں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسف زئی بولے کہ جوڈیشل کمیشن کے مطالبے سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے، کل بھی کمیشن بنادیں تو مذاکرات بحال ہو جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ علی امین گنڈاپور پر عمران خان کو مکمل اعتماد نہ ہوتا تو وزیراعلیٰ نہ رہتے۔