ڈی جی پی آر کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ، کارکردگی بہتر بنانے کیلیے اہم فیصلے
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن )ڈائریکٹر جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب غلام صغیر شاہد نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات کی پرنٹ، الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا پر تشہیر کے لیے مربوط انداز میں ٹھوس اور نتیجہ خیزحکمت عملی اپنائی جائے تاکہ عوام الناس تک مستند انداز میں فوری معلومات پہنچا کر محکمہ کے حقیقی مقاصد حاصل کیے جا سکیں۔
محکمہ تعلقات عامہ سرگودھا ڈویژن اور متعلقہ ضلعی انفارمیشن دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں 20 اضلاع میں انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے دفاترکی اپنی عمارات کی تعمیر کے لیے اقدامات میں تیزی لائی جارہی ہے،دفاتر تعلقات عامہ کے قیام کا دائرہ پنجاب کے تمام ڈویژن واضلاع تک بڑھائیں گے اور دور حاضر کو مدنظر رکھ کرانفارمیشن دفاتر کو انفارمیشن ٹیکنالوجی سے آراستہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا پر عبور کے لیے بھی اقدامات وقت کی شدید ترین ضرورت ہیں اس ضمن میں درکار وسائل اور افرادی قوت بھی فراہم کریں گے۔اجلاس کے دوران ڈائریکٹر انفارمیشن سرگردھا ڈویژن ذوالفقار علی اور متعلقہ اضلاع کے ڈی آئی اوز نے ڈائریکٹر جنرل کو گزشتہ 3 ماہ کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ڈائریکٹر جنرل نے سرگودھا ڈویژن اور اضلاع کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیااور ڈویژن میں کام کرنے والے تمام افسران و دیگر سٹاف کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے مزید محنت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ اپنے فرائض انجام دینے کی ہدایت کی۔
ضلعی افسران نے ڈی جی پی آر پنجاب کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ وسائل کے بہترین استعمال کے ذریعے اپنی کارکردگی کو مزید بہتر بنائیں گے اور حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے میں اپنا جاندار کردار ادا کریں گے۔
اجلاس میں ڈائریکٹر الیکٹرانک میڈیا محمد سہیل رانا،ڈائریکٹر کوآرڈینیشن خورشید جیلانی،ڈپٹی ڈائریکٹر پریس لاز نایاب حیدر نقوی، ڈائریکٹر ایڈمن صدیق کیانی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔