دہشتگرد باہر سے آپریٹ ہو رہے ہیں، یہ بلوچستان اور پنجاب کی نہیں سلامتی کی جنگ ہے: عظمٰی بخاری 

 دہشتگرد باہر سے آپریٹ ہو رہے ہیں، یہ بلوچستان اور پنجاب کی نہیں سلامتی کی ...
 دہشتگرد باہر سے آپریٹ ہو رہے ہیں، یہ بلوچستان اور پنجاب کی نہیں سلامتی کی جنگ ہے: عظمٰی بخاری 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی ٹیم کی کاوشوں سے مہنگائی کم ترین سطح پر آ گئی ہے۔ دہشتگرد باہر سے آپریٹ ہو رہے ہیں، یہ بلوچستان اور پنجاب کی جنگ نہیں بلکہ سلامتی کی جنگ ہے۔

تفصیلات کے مطابق  وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ بلوچستان یا دوسرے صوبوں میں در اندازی کرنے والے دہشتگرد باہر سے آپریٹ ہو رہے ہیں، یہ بلوچستان اور پنجاب کی جنگ نہیں بلکہ پاکستان کی سلامتی کی جنگ ہے۔ ہم صوبوں کی لڑائی نہیں چاہتے مگر بلوچستان میں پنجابی مزدور کارڈ دیکھ کر مارے جا رہے ہیں۔بلوچستان کی موجودہ صورتحال پر نام نہاد یو ٹیوبرز اور ماہرنگ لانگو خاموش ہیں، ان کو پنجاب کے مزدور شہید ہوتے نظر نہیں رہے، خدا کیلئے پاکستانی بن کر سوچیں، ایک یوٹیوبر اور بھارتی صحافی کا ٹویٹ ملتے جلتے ہیں۔ ہمیں ایک ریاست کے طور پر اس پر بات کرنا ہو گی۔

انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت عوامی ریلیف کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے، پنجاب صوبائی کابینہ میں 15 لاکھ خاندانوں کو راشن کارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔انہوں نے جمعۃ الوداع کے موقع پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستانی عوام کی مشکلات ختم فرمائے۔وزیر اعظم پاکستان کی ٹیم کی محنت کے نتیجے میں مہنگائی پچیس سال کی کم ترین سطح پر آ گئی ہے، جو حکومت کی مؤثر پالیسیوں کا ثبوت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں وزیر اعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی برائے پرائس کنٹرول سلمیٰ بٹ کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  پنجاب حکومت نے اشیائے خوردونوش کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے بھرپور محنت کی ہے۔ رمضان بازاروں اور سہولت بازاروں میں معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی گئی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب نے کابینہ اجلاس میں سلمیٰ  بٹ کی کارکردگی کو سراہا اور عوامی فلاح کے اقدامات پر اظہارِ اطمینان کیا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ روز ہونے والے صوبائی کابینہ اجلاس میں 120 ایجنڈا آئٹمز کی منظوری دی گئی، جو کابینہ کی تاریخ کا سب سے طویل ایجنڈا تھا۔ پنجاب میں کرائم کنٹرول کے لیے جدید سسٹمز متعارف کروائے جا رہے ہیں۔ بھکر میں ایئر ایمبولینس سسٹم قائم کیا جا رہا ہے جبکہ پورے صوبے میں کرائم کنٹرول سسٹم فعال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جنسی جرائم کی روک تھام کے لیے ایک خصوصی انویسٹی گیشن یونٹ بھی قائم کیا جا رہا ہے، جو ایسے جرائم کی تحقیقات کو مؤثر اور تیز تر بنائے گا۔

وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد میں ملزم کی گرفتاری کا خود جائزہ لیا اور ہدایت دی کہ دیگر مفرور ملزمان کو بھی جلد گرفتار کیا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پنجاب میں اب سائنسی بنیادوں پر تفتیش کی جاتی ہے اور کسی بھی جرم کے ملزمان کو گھنٹوں میں گرفتار کیا جاتا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ خواتین کے خلاف کسی بھی قسم کے جرائم کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا اور یہ ان کی ریڈ لائن ہے۔ انہوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ روایتی تاخیری حربے اب ناقابلِ قبول ہیں اور انصاف کی فوری فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔