سپین کا فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان
بارسلونا (ارشد نذیر ساحل )فلسطین کی جدوجہد آزادی کیلئے تاریخ ساز دن، سپین کے وزیراعظم پیدرو سانچیز نے فلسطین کو باضابطہ آزاد ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کر دیا۔اس موقع پر سپین کے وزیر اعظم پیدرو سانچیز نے کہا کہ فلسطین کو تسلیم کرنا تاریخ ساز لمحہ ہے، فلسطین پر مظالم کی تاریخ میں مثال ملنا مشکل ہے،ہمارافیصلہ کسی ملک کیخلاف نہیں بلکہ امن کا قیام ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ فلسطین کو تسلیم کرنا اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے عین مطابق ہے۔فلسطین کو تسلیم کرنے کا فیصلہ اسرائیل کے خلاف نہیں ہے۔ یاد رہے کہ سپین نے اسرائیل پر حماس کے حملوں کی مذمت کی تھی۔اس فیصلے کا مقصد امن کا حصول ہے۔ فلسطین کو تسلیم کرنا فلسطین کی عوام کی جائز امنگوں کے ساتھ تاریخی انصاف کا سوال ہے
سپین کی جانب سے اس اعلان کے بعد فلسطین کو تسلیم کرنے والے ممالک کی تعداد 146 ہوگئی ہےآئرلینڈ، ناروے کے وزیراعظم نے بھی فلسطین کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا ۔
یہ کوششیں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب غزہ میں حماس کو شکست دینے کے لیے اسرائیل کی جارحیت کی وجہ سے فلسطینی شہادتوں کی تعداد میں بہت زیادہ اضافہ ہوا ہے اور یہ عالمی سطح پر جنگ بندی اور خطے میں قیامِ امن کے لیے ایک دیرپا حل پر زور دینے کا سبب بنا ہے۔