ملک کے مختلف شہروں میں 5 روز سے انٹرنیٹ سروس متاثر
اسلام آباد (ڈیلیپاکستان آن لائن) ملک کے مختلف شہروں میں 5 روز سے انٹرنیٹ سروس متاثر ہے جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔
ڈان نیوز کے مطابق کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں 26 اور 27 نومبر کو جزوی طور پر انٹرنیٹ کی رفتار بہتر ہوئی تھی، تاہم بعد ازاں دوبارہ انٹرنیٹ رفتار انتہائی سست ہوگئی۔ملک کے مختلف شہروں میں 24 نومبر سے انٹرنیٹ کی رفتار میں کمی کی شکایات موصول ہونا شروع ہوگئی تھیں، جس کی وجہ سے زیادہ تر افراد کو واٹس ایپ سمیت دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے استعمال میں بھی مشکلات کا سامنا رہا۔انٹرنیٹ کی رفتار سست ہونے کی وجہ سے میڈیا ہاؤسز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز بھی بر وقت مواد کی ترسیل نہیں کر پائے جب کہ دیگر آن لائن کاروبار کرنے والے افراد اور اداروں کو بھی مشکلات درپیش رہیں۔ملک کے مختلف شہروں راولپنڈی، پشاور، لاہور اور مانسہرہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں 24 نومبر سے انٹرنیٹ کی رفتار انتہائی سست ہے۔