پی ٹی آئی کور کمیٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی کے گزشتہ روز ہونے والے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ جیو نیوز کے مطابق اجلاس میں 24 نومبر کے احتجاج سے متعلق مشاورت کی گئی۔بیرسٹر گوہر نے تمام معاملے کا ذمہ دار حکومت کو قرار دیا جبکہ صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ڈی چوک جانے کا فیصلہ سیاسی کمیٹی کا نہیں تھا۔ ارکان نے کہا کہ بیرسٹرگوہر اور سلمان اکرم راجہ نے احتجاج کو لیڈ کیوں نہ کیا؟
کورکمیٹی اجلاس کو سیاسی کمیٹی کے فیصلے اور حکمت عملی سے آگاہ کیا گیا۔اجلاس میں ایک سینئر رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے سنگجانی میں احتجاج اور دھرنا دینے کی ہدایت کی، بانی کی ہدایت تھی کہ سنگجانی جانے سے قافلے نہیں ٹوٹیں گے۔ کور کمیٹی ارکان کی جانب سے کہا گیا کہ بانی تحریک انصاف کی ہدایات کو نظرانداز کیا گیا اور سیاسی کمیٹی کے فیصلے نہ ماننے پرکور کمیٹی اراکین نے شدید برہمی کا اظہار کیا۔اجلاس میں پارٹی کے ایک رہنما نے کہا کہ بشریٰ بی بی نے سنگجانی میں دھرنا دینے سے انکار کیا، بشریٰ بی بی نےحکم دیا کہ بانی نے انہیں ڈی چوک میں دھرنا دینے کا کہا۔ اجلاس میں 24 نومبر کے احتجاج سے متعلق ناکامیوں کی تفصیلات بانی پی ٹی آئی کو بھیجنےکا فیصلہ کیا گیا۔