پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے 44ویں مقابلے اختتام پذیر ہوگئے،چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت
راولپنڈی ( ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان آرمی رائفل ایسوسی ایشن کے 44ویں مقابلے اختتام پذیر ہوگئے, تقریب آرمی مارکس مین شپ یونٹ (AMU) جہلم میں منعقد ہوئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ میگا شوٹنگ ایونٹ کا انعقاد 14 اکتوبر سے 28 نومبر 2024 تک کیا گیا۔مقابلے میں آرمی، نیوی، ایئر فورس، سول آرمڈ فورسز بشمول رینجرز (سندھ اور پنجاب)، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، فیڈرل رائفل ایسوسی ایشن، لاہور گیریژن شوٹنگ گیلری (LGSG) اور عام شہریوں کے 2000 سے زائد فائررز نے حصہ لیا۔
سی او ایس اور چیف آف دی ائیر سٹاف، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تقریب کے گیسٹ آف آنر تھے، انہوں نے ہر کیٹیگری میں ایوارڈ جیتنے والوں اور رنرز اپ کو ٹرافیز اور میڈلز سے نوازا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ا نٹر سروسز میچز میں پاکستان آرمی نے 3 مقابلے جیتے جن میں سی جے سی ایس سی، سی او اے ایس اور سی این ایس میچز شامل تھے جبکہ سی اے ایس مقابلہ پاک فضائیہ نے جیتا۔ پاکستان آرمی نے مجموعی طور پر چیمپئن شپ ٹرافی اپنے نام کر لی۔
ایف ٹی آر ٹیم ٹرافی لیفٹیننٹ جنرل احسن گلریز، ایچ آئی (ایم) کی قیادت میں پاک فوج نے جیتی۔
پریذیڈنٹ کپ نیشنل چیلنج میچ کی ٹرافی پاک فوج کے نائیک وسیم احمد خان کو دی گئی۔ پاک فضائیہ نے پرائم منسٹر اسکلز ایٹ آرمز بگ بور نیشنل چیلنج جیت لیا۔ پیرا فائرنگ میچز (انفنٹری سکواڈ) میں آزاد کشمیر رجمنٹ نے پہلا انعام حاصل کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شوٹنگ کا اعلیٰ ترین اعزاز ’دی ماسٹر ایٹ آرمز‘ ٹرافی پنجاب رجمنٹ کے سپاہی آفتاب احمد کو دیا گیا۔ بیسٹ شاٹ میچ ٹرافی گروپ 2 اور گروپ 3 کیولری کے لانس دفادار محمد عمران اور ای ایم ای بٹالین کے حوالدار فتح اللہ خان کو دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے،چیف آف آرمی سٹاف نےنشانہ بازوں کی اعلیٰ کاکردگی کو سراہا۔ شوٹنگ کی مہارت کو ایک پیشہ ور سپاہی کی پہچان قرار دیتے ہوئے، آرمی چیف نے کہا کہ "شوٹنگ میں مہارت حاصل کرنا بنیادی فوجی تربیت کے مقاصد میں رہنا چاہیے"۔
قبل ازیں آمد پر کور کمانڈر راولپنڈی نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کا استقبال کیا۔