ہم اس ملک میں غلام ہیں، قابض قوتوں کو گریبان میں جھانکنا چاہیے، مولانا فضل الرحمان
سکھر (ڈیلی پاکستان آن لائن) جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہےکہ ہم اس ملک میں غلامی کی زندگی گزار رہے ہیں، یہ ملک ہمارا ہے، 77 سال سے جو قوتیں پاکستان پر مسلط ہیں انہیں گریبان میں جھانکنا چاہئے۔
باب الاسلام سندھ کانفرنس سےخطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا ہم لااللہ الہ پر پورا اترے ہیں،وردی پہن کر سونے کے ڈنڈے لہرا کر سمجھتے ہیں کہ پاکستان کو خوبصورت وطن بناسکیں گے۔ اسٹیبلشمنٹ سمیت تمام مفاد پرستوں کو کہنا چاہتا ہوں کہ ہم پاکستان درست سمت میں لیکر جائیں گے،قوموں کے وسائل پر قبضہ کیا جارہا ہے،حقوق سلب ہورہے ہیں، ہمارا نعرہ یہ ہی ہے کہ سندھ کے حقوق پر سندھیوں کا حق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی اجتماع پر سندھ کی عوام پر فخر کرتا ہوں،جب بھی آواز دی،آپ نے لبیک کہا۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ اگر سندھ کے وسائل پر قبضہ کیا گیا تو تحریک اٹھے گی ، ہر صوبے کے وسائل پر وہاں کے عوام کا حق ہے، یہ حق ہر کسی کو تسلیم کرنا ہوگا ، تم نے دھاندلی کی جے یو آئی کے ساتھ ظلم کیا گیا ، ہماری قومی اسمبلی میں سیٹیں کم کی گیں ، پاکستان کو انارکی کی طرف دھکیلا جارہا ہے ۔