آج غزہ ملین مارچ ہو گا یا نہیں ۔۔؟ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے واضح کر دیا
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ غزہ ملین مارچ کا معاملہ فلسطین سے ہے، یہ کوئی سیاست نہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ کل غزہ ملین مارچ میں بڑی تعداد میں لوگ شریک ہوں گے۔ پاکستان کےلیے لوگوں نے بہت قربانیاں دی ہیں، پاکستان نے ہمیشہ فلسطین کے مسئلے کو اپنا مسئلہ سمجھا ہے۔ کل بھی اسرائیل نے غزہ میں ہسپتال پر حملہ کیا، فلسطین میں خواتین و بچے شہید ہو رہے ہیں۔
"جنگ " کے مطابق اُن کا کہنا تھا کہ جتنی سردی یہاں ہے اس سے کئی گنا زیادہ سردی فلسطین میں ہے، غزہ ملین مارچ کا معاملہ فلسطین سے جڑا ہے، یہ کوئی سیاست نہیں۔ ایک طرف انتظامیہ ہمیں اجازت دے دیتی ہے اور دوسری طرف تنگ کیا جاتا ہے، ہمارا پروگرام طے شدہ شیڈول کے مطابق ہی ہوگا۔