میلبرن ٹیسٹ؛ 10ویں اور 11ویں نمبر کے بلےبازوں نے بھارت کو رلادیا
کینبرا(ڈیلی پاکستان آن لائن)میلبرن ٹیسٹ میچ کے چوتھے روز آسٹریلیا کیلئے 10ویں اور 11ویں نمبر کے بلےبازوں نے 50 سے زائد رنز کی پارٹنرشپ بناکر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئین شپ کا فائنل کھیلنے کا بھارتی خواب توڑنے کی تیاری کرلی۔
تنازعات سے بھرپور باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو ناک رگڑنے پر مجبور کردیا، کینگروز نے چوتھے روز کھیل کے اختتام تک دوسری اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز بنالیے ہیں جبکہ پہلی اننگز میں 104 رنز کی برتری بھی حاصل کررکھی تھی۔آسٹریلیا کو بھارت کیخلاف 333 رنز کی برتری حاصل ہے اگر کینگروز کل ایک سیشن کے بعد بھارتی سورماؤں کو بیٹنگ کی دعوت دیتے ہیں تو آخری اننگز میں ہدف حاصل کرنا ناممکن ہوگا۔
ایم سی جی میں ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ کامیاب رن چیز کرنے کا ریکارڈ انگلینڈ کے پاس ہے جب اس نے 1928 میں 332 رنز بنائے تھے۔میلبرن میں 34 کامیاب تعاقب میں سے انگلینڈ (8) اور آسٹریلیا (21) نے یہ کامیابی حاصل کررکھی ہے۔
جہاں تک برصغیر کی ٹیموں کا تعلق ہے! صرف بھارت ہی واحد ٹیم ہے جس نے دسمبر 2020 میں ایک بار یہ کارنامہ انجام دیا تھا جب اس نے آٹھ وکٹوں سے جیتنے کیلئے70 رنز بنائے تھے۔
21ویں صدی میں سال 2013 میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کیخلاف 231 رنز بنائے تھے، اسکے علاوہ جنوبی افریقا نے 2008 میں میزبان کیخلاف 183 رنز کا ہدف بنایا تھا۔