انتخابات میں کچھ لوگ استعمال ہوگئے،بانی پی ٹی آئی ملنا چاہیں گے تو سوچ کر فیصلہ کرونگا: مولانا فضل الرحمان
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن )اپوزیشن جماعت جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی-ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ انتخابات میں کچھ لوگ استعمال ہوگئے،بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ملاقات کےلیے مجھے باضابطہ کوئی پیغام نہیں ملا، ملنا چاہیں گے تو سوچوں گا۔
اسلام آباد میں عیادت کےلیے آئے صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو میں مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی جانب سے ملاقات کےلیے مجھے باضابطہ کوئی پیغام نہیں ملا۔ اگر بانی پی ٹی آئی ملنا چاہیں گے تو بھی سوچ سمجھ کر فیصلہ کروں گا۔ پی ٹی آئی سے وفاق میں ورکنگ ریلیشن ہے، صوبائی معاملات پر ہمارا اپنا مؤقف ہے۔
"جنگ " کے مطابق جے یو آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ ہمارا گلہ ہے عام انتخابات 2024ء میں ہمیں لیول پلینگ فیلڈ نہیں دی گئی، انتخابات میں کچھ لوگ استعمال ہوگئے، ہم نے استعمال ہونے سے انکار کیا۔ 26ویں ترمیم میں ہم نے شخصیت کی بجائے اداروں کی مضبوطی کو مقدم رکھا، مدارس کی رجسٹریشن پر طے شدہ معاملات کو خوامخواہ چھیڑا گیا، مدارس کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو رہا ہے۔
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا میں حکومت کی کہیں رٹ نظر نہیں آرہی۔ڈی آئی خان، بنوں اور ٹانک دہشت گروں کے حوالے ہیں، ٹانک سے عدالتیں اور سرکاری دفاتر بھی ڈی آئی خان منتقل ہوچکے ہیں۔