امارات میں پاکستانیوں کے لئے ورک ویزےآئندہ ماہ شروع ہونے کی توقع
جدہ (محمد اکرم اسد) امارات میں پاکستانیوں کے لئے ورک ویزےآئندہ ماہ شروع ہونے کی توقع ہے، یہ بات جدہ میں پاکستان بزنس فورم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ممبر قومی اسمبلی اور پارلیمانی سیکریٹری بڑائے اورسیز پاکستانیز احسان الحق باجوہ نےکی جو پاکستان قونصلیٹ جدہ کی نئی عمارت کے سنگ بنیاد رکھنے پر قونصل جنرل کی پذیرائی کیلئے منعقدہ ایک تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کر رہے تھے۔
چوہدری احسان الحق باجوہ نے کہا کہ موجودہ حکومت سمندر پار پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے، سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ملکی اثاثہ اور سرمایہ ہیں ، ان کو درپیش مسائل کا حل ہماری اولین ترجیح ہے ، وزیراعظم شہبازشریف کی کاوشوں سے امارات کے ورک اور وزٹ ویزے اگلے ماہ بحال ہو جائیں گے۔
اس موقع پر قونصل جنرل خالد مجید کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی انتہائی فعال اور متحرک کردار ادا کر رہے ہیں، قونصلیٹ ،کمیونٹی کے ساتھ ملکر کام کر رہا ہے اور نئی بلڈنگ کی تعمیر میں بھی پاکستانی کمیونٹی کا اہم کردار ہے، کمیوٹی کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی ۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان بزنس فورم کے صدر عقیل آرائیں، ملک منظور اعوان، امیر محمد خان، رانا اشرف، عبدالخالق لک، امجد گجر اور سردار اقبال کا کہنا تھا کہ سعودی عرب میں بزنس کمیونٹی کی ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ وہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کریں اور پاکستان کے مثبت چہرے کو اجاگر کریں۔
تقریب کے اختتام پر سبکدوش ہونے والے قونصلیٹ کے دو کمیونٹی ویلفئیر افسران عبدالروف میو اور شیراز خان کو اعزازی شیلڈ سے نوازا گیا اور انکی خدمات کو سراہا گیا جبکہ نئی آنے والی قونصل ویلفئیر اذکاء ظفر کو بھی شیلڈ پیش کی گئی - بزنس کمیونٹی کی جانب سے قونصل جنرل خالد مجید اور رکن اسمبلی احسان الحق باجوہ کے علاو ہ اعلی صحافتی خدمات پر پاکستان اوورسیز میڈیا فورم صدر شعیب الطاف,پاکستان جرنلسٹ فورم کے صدرمعروف حسین اور یونائیٹڈ جرنلسٹس فورم کے چیئرمین جہانگیر خان کو شیلڈ پیش کی گئی۔