کراچی میں فوجی جوانوں پر حملے کی منصوبہ بندی جیل میں کیے جانے کا انکشاف
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک ) کراچی کے علاقے صدر پارکنگ پلازہ کے قریب فوجی جوانوں پر حملے کی منصوبہ بندی جیل میں کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔
24نیوز کے مطابق حساس اداروں نے سینٹرل جیل میں دہشت گردوں سے پوچھ گچھ کی جس کے بعد انکشاف کیا گیا ہے کہ فوجی جوانوں پر فائرنگ کی منصوبہ بندی جیل میں کی گئی ۔ حساس اداروں نے سینٹرل جیل میں کالعدم تنظیم کے گرفتار دہشت گردوں سے تفتیش کی ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کالعدم تنظیم کے دو دہشت گردوں سے تفتیش کی گئی ۔ دونوں دہشت گرد سانحہ صفورا اور سکیورٹی اداروں پر حملے میں ملوث ہیں ۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ حملہ دہشت گردوں کو فوجی عدالتوں سے سزائیں دلوانے کا رد عمل تھا ۔
یاد رہے کہ صدر پارکنگ پلازہ کے قریب دہشت گردوں نے فوجی گاڑی پرفائرنگ کر دی تھی جس کے نتیجے میں پاک فوج کے دونوجوان لانس نائیک رزاق اور سپاہی خادم شہید ہو گئے تھے۔