قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ’ شان مسعود‘ اپنا بیگ ٹیکسی میں بھول گئے ، رابطہ کرنے پر کیا جواب ملا ؟ حیران کن انکشاف
لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستانی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود ٹیکسی میں بیگ بھولنے کے بعد انتظامیہ کے عدم تعاون پر آن لائن ٹیکسی سروس پر برس پڑے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم 'ایکس' پر اوبر ٹیکسی سروس کی برطانوی برانچ کو ٹیگ کرتے ہوئے شان مسعود نے لکھا کہ 'کل میں اپنا بیگ اوبر میں بھول گیا تھا، اس کے بعد سے میں سپورٹ ٹیم کے ناقص ردعمل اور عدم تعاون پر حیران ہوں کہ وہ تقریباً 24 گھنٹے گزر جانے کے بعد بھی ڈرائیور سے رابطہ کرنے اور اسے ٹریک کرنےمیں ناکام ہیں، حالانکہ وہ ڈرائیور اعتراف بھی کرچکا ہے کہ اس کے پاس میرا بیگ ہے'۔
شان مسعود نے بتایا کہ جب میں اپنی پریشانی کا اظہار کر رہا تھا تو معاون عملے نے (کال کے دوران) مجھے بار بار انتظار کروایا۔
انہوں نے کہا کہ ڈرائیور کی جانب سے کوئی رابطہ نہ کیے جانے اور اوبر انتظامیہ کی جانب سے کوئی عملی کارروائی نہ کیے جانے سے ظاہر ہوتا ہے کہ ان کا سواری کی حفاظت اور کسٹمر سروس کا معیار کتنا گِرا ہوا ہے۔
شان مسعود نے گزشتہ روز اسی واقعے سے منسلک ایک اور پوسٹ میں لکھا کہ میں حیران ہوں کہ واقعہ کی اطلاع دینے کے 60 گھنٹے بعد بھی کوئی ردعمل نہیں دیا جارہا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر ڈرائیور تسلیم کر چکا ہے کہ اس کے پاس میرا بیگ ہے لیکن وہ مجھ سے رابطہ نہیں کررہا تو کیا یہ مشکوک بات نہیں ہے؟
انہوں نے لکھا کہ اِس کے باوجود اوبر اور ان کی پالیسی ایک ایسے شخص کا تحفظ کررہی ہے جو کسی اور کا سامان لیے بیٹھا ہے۔