ڈرامہ سیریل’’تم میرے کیا ہو‘‘ کی ریکارڈنگ آخری مراحل میں داخل

لاہور(فلم رپورٹر)ڈرامہ سیریل’’تم میرے کیا ہو‘‘ کی ریکارڈنگ تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہوگئی ہے،گزشتہ روز بیدیاں روڈ پر ہونے والی ریکارڈنگ میں میکال ذوالفقار،کرن حق اور سجل علی نے حصہ لیا۔یہ سیریل سیونتھ سکائی اور ایپک میڈیا کی پروڈکشن ہے جس کے پروڈیوسر عبداللہ قادوانی،اسد قریشی اور میکال ذوالفقار ہیں،ڈائریکٹر سراج الحق اور ڈی او پی صبیح خان ہیں جبکہ دیگر کاسٹ میں عمیر رانا،محمد علی،راحیلہ آغا،سحرش خان،دانیہ انور،ناعمہ خان،وہاج،زویا ملک،چائلڈ سٹار ایشل، شاہنواززیدی ،خالد بٹ اور مہرین راحیل شامل ہیں۔ ڈائریکٹر سراج الحق نے ’’پاکستان‘‘کوبتایا کہ یہ ایک مڈل کلاس لڑکی حنا کی کہانی جس کا کردار سجل علی کررہی ہیں جس کی شادی جہیز کی وجہ سے نہیں ہوتی،سجل علی کا والد میکال کے آفس میں ملازمت کرتا ہے،سجل کے سسرال والے بہت لالچی ہوتے ہیں جنہوں نے یہ شرط رکھی تھی کہ شادی اسی صورت میں ہوگی جب مکان لڑکے کے نام لگایا جائے۔اسی صدمے میں سجل کے والد کی موت ہوجاتی ہے۔میکال ذوالفقار نے بتایا کہ وہ بزنس ٹائیکون کا کردار کررہے ہیں،جس کی بیوی فوت ہوچکی ہے،سجل علی کو ان کی کفالت میں دے دیا جاتا ہے جس کے بعد کہانی ایک نیا رخ اختیار کرتی ہے۔ کرن حق نے بتایا کہ وہ ماہین کا کردار کررہی ہیں جو بہت ہی منفرد اور مشکل ہے۔
سراج الحق نے ’’پاکستان‘‘کو مزید بتایا کہ لاہور میں لوکیشنز بہت اچھی ہیں لوگوں بھی بہت تعاون کرتے ہیں جس سے ڈرامے میں فریش لک آتی ،ڈی او پی کے ساتھ ساتھ رائٹر نے بھی پہلی بار ڈرامہ لکھا ہے،میکال ،سجل اور کرن حق نے بہت اچھا کام کیا ہے۔سجل علی نے بتایا کہ میرا کردار بہت رونے دھونے والا ہے کیونکہ والد کی وفات کے بعد مجھے بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔مجھے یقین ہے کہ اس سیریل میں بھی شائقین میری پرفارمنس پسند کریں گے۔