خاتون نے شوہر اور نوکری چھوڑ کر 45 کلو وزن کم کرلیا

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ سے تعلق رکھنے والی 38 سالہ کونی سٹوورز نے اپنی شادی اور نوکری کو خیرباد کہنے کے بعد 100 پاؤنڈ (45 کلو) وزن کم کرلیا۔ انہوں نے ایک رئیل اسٹیٹ بزنس شروع کیا، اور رولر سکیٹنگ کرنے لگیں۔
نیوز 18 کے مطابق 2021 میں بظاہر کونی کی زندگی مکمل دکھائی دیتی تھی۔ ان کے پاس ایک اچھی تنخواہ والی نوکری تھی، ایک شوہر، ایک بیٹی، اور ایک خوبصورت گھر تھا۔ لیکن اندرونی طور پر وہ بکھر رہی تھیں۔ وہ اپنی شادی میں خود کو قید محسوس کر رہی تھیں اور اپنی ملازمت سے بیزار ہو چکی تھیں۔ نتیجتاً، انہوں نے زیادہ کھانے اور شراب نوشی کا سہارا لینا شروع کر دیا، جس کی وجہ سے ان کا وزن 136 کلوگرام تک پہنچ گیا۔
ایک دن کونی نے فیصلہ کیا کہ انہیں اپنی زندگی میں تبدیلی لانی ہے۔ انہوں نے ڈیلی میل سے بات کرتے ہوئے کہا، ’’چار سال پہلے میری زندگی باہر سے دیکھنے میں بہترین لگ رہی تھی۔ میرے پاس ایک اچھی نوکری، شوہر، بیٹی اور گھر تھا، وہ سب کچھ جو لوگ چاہتے ہیں۔ لیکن میں اندر سے قید تھی۔‘‘ کونی ایک ریٹیل سٹور مینیجر کے طور پر تقریباً چھ ہندسوں میں تنخواہ لے رہی تھیں، مگر انہیں لگتا تھا کہ وہ صرف جی رہی ہیں، زندگی نہیں گزار رہیں۔ سنہ 2020 کے کووڈ-19 لاک ڈاؤن کے دوران صورتحال مزید خراب ہو گئی۔ ’’میں کھانے اور شراب میں ڈوب گئی۔ میرا وزن مزید 45 کلو بڑھ گیا،‘‘
انہوں نے کہا۔ ایک رات، جب وہ کام پر بے حد تھک چکی تھیں، انہوں نے خود سے سوال کیا، ’’کیا یہی میری زندگی ہے؟‘‘ اس سوال کا جواب ان کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی تھا۔ انہوں نے فیصلہ کیا کہ وہ مزید اس قید میں نہیں رہیں گی۔ سب سے پہلے، انہوں نے اپنے شوہر سے علیحدگی اختیار کی۔ اس کے بعد انہوں نے اپنی نوکری چھوڑ کر اپنا رئیل اسٹیٹ بزنس شروع کیا۔
اسی دوران، انہیں رولر اسکیٹنگ کا شوق پیدا ہوا، جس نے ان کی دنیا ہی بدل دی۔ جب انہوں نے پہلی بار سکیٹنگ کی تو انہیں حقیقی آزادی کا احساس ہوا۔ ’’یہ میری نئی زندگی کی شروعات تھی،‘‘ انہوں نے کہا۔ ان کے اس سفر کے دوران ان کا وزن 135 کلوگرام سے کم ہو کر 90 کلوگرام رہ گیا۔