سعودی عرب میں عیدالفطر کا چاند نظر آگیا

ریاض (ڈیلی پاکستان آن لائن) سعودی عرب میں عیدالفطر کا چاند نظر آگیا ہے۔ سعودی عرب کی سپریم کورٹ کی طرف سے باضابطہ طور پر عید کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ مملکت میں اتوار 30 مارچ کو یکم شوال یعنی عیدالفطر کا پہلا دن ہوگا۔ اس سے قبل سعودی سپریم کورٹ نے ملک بھر میں عوام سے درخواست کی تھی کہ وہ عید کا چاند دیکھنے کیلئے کوشش کریں اور اگر چاند نظر آتا ہے تو مقامی سپریم کورٹ کو اس کی اطلاع دیں۔ سعودی عرب میں اس سال 29 روزے ہوئے ہیں ۔
گلف نیوز کے مطابق سعودی عرب میں غروب آفتاب کا ٹائم مقامی وقت کے مطابق 06:11 بجے تھا جب کہ اس دوران مطلع بالکل صاف تھا جس کی وجہ سے چاند دیکھنے میں آسانی ہوئی۔ غروب آفتاب کے آٹھ منٹ بعد چاند نظر آگیا جس کے بعد عیدالفطر کا اعلان کیا گیا۔
خیال رہے کہ پاکستان میں آج 28 واں روزہ ہے۔ کل 29 رمضان المبارک کو پاکستان میں بھی رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس ہوں گے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پاکستان میں بھی اس بار 29 روزے رکھے جائیں گے۔