امارات میں عید کب ہوگی؟ چاند دیکھنے والی کمیٹی نے اعلان کردیا

ابو ظہبی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سعودی عرب کے بعد خلیجی ملک متحدہ عرب امارات میں بھی عیدالفطر کا چاند نظر آگیا۔ خلیج ٹائمز کے مطابق امارات میں بھی چاند دیکھنے کیلئے اجلاس ہوئے اور حکام نے شوال کا چاند نظر آنے کی تصدیق کردی۔ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں اتوار 30 مارچ کو عید الفطر منائی جائے گی۔ امارات میں سرکاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین چار دن کی لمبی چھٹی گزاریں گے۔
امارات میں عید کا چاند دیکھنے کیلئے مرکزی اجلاس الخاتم آسٹرونومیکل آبزرویٹری ابو ظہبی میں منعقد ہوا۔ حکام کی جانب سے چاند دیکھنے کیلئے جدید ترین ٹیکنالوجی کا سہارا لیا گیا اور ڈرونز اور اے آئی سسٹم کے ذریعے چاند دیکھا گیا۔
خیال رہے کہ اس سے پہلے سعودی عرب میں چاند نظر آنے کی تصدیق ہوئی تھی۔ سعودی عرب کے مقامی وقت کے مطابق 06:11 بجے غروب آفتاب تھا جس کے آٹھ منٹ بعد ہی چاند نظر آگیا۔
دوسری جانب عرب ملک عمان میں پیر کے روز عید منائی جائے گی۔ ایران، پاکستان، بنگلہ دیش، انڈونیشیا اور ملائیشیا میں بھی پیر 31 مارچ کو عید الفطر منائے جانے کا امکان ہے۔