پاکستان نے زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 0 -2 سے جیت لی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم نے دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں زمبابوے کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر تین میچوں کی سیریز 0- 2سے جیت لی ہے۔ پاکستان 17 ماہ کے طویل انتظار کے بعد کسی بھی ون ڈے سیریز میں کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔ کپتان اظہر علی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 104 گیندیں کھیل کر 8 چوکوں کی مدد سے 102 رنز بنا کر کیرئیر کی دوسری سنچری مکمل کی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کی جانب سے پہلے بیٹنگ کی دعوت ملنے پر زمبابوین ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 268 رنز بنائے۔ پاکستانی نژاد کھلاڑی سکندر رضا نے پراعتماد کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 84 گیندوںپر 3 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 100 رنز بنا کر کیرئیر کی دوسری سنچری مکمل کی۔ سلو اوور ریٹ کے باعث پابندی کے شکار زمبابوین کپتان چگمبورا کی جگہ ٹیم میں شامل ہونے والی کھلاڑی چبابا نے ان کی کمی محسوس نہ ہونے دی اور شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 99 رنز بنا ڈالے تاہم کیرئیر کی پہلی سنچری بنانے میں کامیاب نہ ہو سکے۔ دیگر بلے بازوں میں مساکازا 18، ولیمز 18، موتمبامی 7، کووینٹری 10 اور کریمر صرف 2 رنز ہی بنا سکے۔ پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ اور وہاب ریاض نے 2,2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ انور علی، محمد حفیظ اور شعیب ملک نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم نے مقررہ ہدف 48 ویں اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر کے سیریز میں مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی اور تین میچوں کی سیریز بھی 0-2 سے اپنے نام کر لی ہے۔ پاکستان کی جانب سے کپتان اظہر علی نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 104گیندوں پر 8 چوکوں کی مدد سے102 رنز بنا کر بطور کپتان اور کیرئیر کی دوسری سنچری مکمل کی۔ دیگر بلے بازوں میں سرفراز احمد نے 22، محمد حفیظ 15، اسد شفیق 39، حارث سہیل 52اور شعیب ملک 36رنز بنانے میں کامیاب ہوئے۔ زمبابوے کی جانب سے مپاریوا اور چبابا نے ایک ایک جبکہ گریمر نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔