آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام آخری ہوگا، 6 وزارتیں ختم، 2 کو ضم کیا جا رہا ہے:وزیر خزانہ

آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام آخری ہوگا، 6 وزارتیں ختم، 2 کو ضم کیا جا رہا ...
آئی ایم ایف کا موجودہ پروگرام آخری ہوگا، 6 وزارتیں ختم، 2 کو ضم کیا جا رہا ہے:وزیر خزانہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ پروگرام طے پا گیا ہے اور موجودہ پروگرام آخری ہوگا، گروپ 20 میں جانے کے لئے معیشت کو دستاویزی بنانا ہوگا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ٹیکس محصولات بڑھانا ناگزیر ہے، مائیکرو اکنامک استحکام منزل نہیں بلکہ ایک راستہ ہے۔ مقامی قرضوں کے لئے ٹی بلز اور بانڈز کی پیشکش مسترد کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی معیشت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور بہتری کی جانب گامزن ہے البتہ ملک کی بہتری کے لئے بیرون ملک سے ماہرین کی خدمات حاصل کی جائیں گی۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستان کے زرمبادلہ ذخائر بلند ترین سطح پر ہیں۔ ملکی برآمدات اور آئی ٹی برآمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے جبکہ سرمایہ کاروں کا اعتماد معیشت کی مضبوطی کے حوالے سے بڑی کامیابی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ 4.5 فیصد کم ہوا ہے، پرامید ہیں کہ ایکسچینج ریٹ اور پالیسی ریٹ ہماری توقع کے مطابق رہیں گے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ پچھلے سال تقریباً 3 لاکھ نئے فائلرز تھے اور اس سال اب تک 7لاکھ 32ہزار نئے فائلرز آگئے ہیں، ملک میں فائلرز کی تعداد 16لاکھ سے بڑھ کر 32 لاکھ ہوگئی ہے۔ اب نان فائلرز جائیداد اور گاڑیاں نہیں خرید سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وزارتوں میں رائٹ سائزنگ پر کام جاری ہے اور 6 وزارتیں ختم کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد ہوگا جبکہ 2 وزارتوں کو ضم کیا جا رہا ہے۔ مختلف وزارتوں میں ڈیڑھ لاکھ پوسٹوں کو ختم کیا جا رہا ہے۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ مہنگائی میں کمی ہوئی اور یہ کوئی ہوائی بات نہیں، حکومتی پالیسیوں کے نتیجے میں مہنگائی کم ہو کر سنگل ڈیجٹ پر آگئی۔
وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ صوبائی وزرائے اعلیٰ سے کہا تھا مہنگائی میں کمی کے لئے اقدامات کریں، ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوئی ہیں لہٰذا ٹرانسپورٹ کرایوں میں بھی کمی ہونی چاہئے۔