گندم کی درآمد حکومت کی کسان دُشمن پالیسیوں کا مظہر ہے، سعدیہ سہیل
لاہور() پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانانے کہا ہے کہ زرعی ملک ہونے کے باوجود ملک کو خوراک کی ضروریات پوری کرنے کے لیے گندم درآمد کرنا پڑی جو کہ موجودہ حکومت کی کسان دُشمن پالیسیوں کا مظہر ہے۔ زراعت دُشمن پالیسیوں سے ملک کی دو تہائی آبادی متاثر ہوتی ہے کیونکہ دیہی علاقوں میں بڑی اکثریت کا دارومدار زراعت پر ہے ۔غیر کاشتکار لوگ بھی کھیتوں میں کام کر کے پورے سال کے لیے اناج جمع کر لیتے ہیں۔ یہاں سے جاری ایک بیان میں اُنہوں نے کہا کہ زراعت ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے اگر اِسکو نقصان ہوتا ہے تو ملکی معیشت کو بھی کئی حوالوں سے شدید نقصان ہونا نا گزیر ہے۔ اُنہوں نے مشورہ دیا کہ حکومت کو اپنی ترقیاتی حکمتِ عملی میں زراعت کو اوّلین ترجیح دینی چاہیے کیونکہ اِس میں کم سرمایہ سے جلد اور زبردست معاشی فوائد حاصل ہوتے ہیں جس سے ملک کی معیشت کا پہیہ عوامی فلاح وبہبود کے لیے رواں دواں رہتا ہے ۔