طیارہ حادثے پر پیوٹن کی معافی کے بعد آذر بائیجان کے صدرنے سخت رد عمل جاری کر دیا
باکو (ویب ڈیسک) آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے قازقستان میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے پر روسی ہم منصب کی معافی کے بعد ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے روسی حکام کی جانب سے طیارہ حادثے میں حقائق چھپانے کی واضح کوششیں دیکھیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق 25 دسمبر کو قازقستان میں گرنے والے آذربائیجان کے مسافر طیارے کے معاملے پر آذربائیجان کے صدر الہام علیوف نے کہا کہ طیارہ روسی حملے کا نشانہ بنا۔
روسی صدر پیوٹن کی جانب سے حادثے پر کی گئی معذرت پر صدر الہام علیوف نے کہا کہ ہمارا طیارہ حادثاتی طور پر مارا گیا مگر بدقسمتی سے ہم نے طیارہ حادثے کی حقیقت چھپانے کی واضح کوششیں دیکھیں اور پہلے 3 دن تک روس کی جانب سے صرف مضحکہ خیز باتیں سننے کو ملیں۔
خیال رہےکہ 25 دسمبر کو آذر بائیجان کا مسافر طیارہ قازقستان کے شہر اکتاؤ کے نزدیک گر کر تباہ ہوا تھا جس میں 38 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہوئے تھے۔
حادثے کے 3 دن بعد روسی صدر ولادمیر پیوٹن نے آذربائیجان کے صدر الہام علیوف سےطیارے کو غلطی سے مار گرائے جانے کا اعتراف کرتے ہوئے معافی مانگی تاہم اس سے قبل کریملن کی جانب سے کہا گیا تھا کہ طیارہ پرندہ ٹکرانے کے باعث اور خراب موسم کی وجہ سے اپنا روٹ بدلنے کی وجہ سے حادثے کا شکار ہوا۔