انگلینڈ نے آسٹریلیا کے چھکے چھڑا دیے، اس برے طریقے سے شکست دے دی کہ پاک بھارت میچ کی یادیں تازہ ہوجائیں

انگلینڈ نے آسٹریلیا کے چھکے چھڑا دیے، اس برے طریقے سے شکست دے دی کہ پاک بھارت ...
انگلینڈ نے آسٹریلیا کے چھکے چھڑا دیے، اس برے طریقے سے شکست دے دی کہ پاک بھارت میچ کی یادیں تازہ ہوجائیں
سورس: Twitter/@T20WorldCup

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

شارجہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں انگلینڈ نے روایتی حریف آسٹریلیا کو آٹھ  وکٹوں سے شکست دے دی۔

شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلیا نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 126 رنز کا آسان ہدف دیا جو انگلینڈ نے ہنستے کھیلتے  12 ویں اوور میں دو وکٹوں کے نقصان پر 50 گیندیں پہلے ہی پورا کرلیا۔ 

انگلینڈ کی جانب سے اوپنر آنے والے وکٹ کیپر بلے باز جوز بٹلر نے تابڑ توڑ بلے بازی کی اور کینگروز کے باؤلنگ اٹیک  کو تہس  نہس کرکے رکھ دیا۔ انہوں نے  دھواں دار بلے بازی سے 32 گیندوں  پر   پانچ   چھکوں  اور  پانچ چوکوں کی مدد سے ناقابلِ شکست 71 رنز بنائے اور ناٹ آؤٹ رہے۔ دوسرے اوپنر جیسن رائے 22، ڈیوڈ ملان آٹھ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ آخری لمحات میں جونی بیرسٹو نے جوز بٹلر کا بھرپور ساتھ دیا اور 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

قبل ازیں آسٹریلیا نے روایتی حریف انگلینڈ کو جیت کیلئے 126 رنز کا ٹارگٹ دیاتھا ۔ کینگروز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 10وکٹوں کے نقصان پر 125 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کی آخری وکٹ میچ کی آخری گیند پر گری۔شارجہ کے کرکٹ سٹیڈیم میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ انگریزوں کے باؤلنگ اٹیک کے سامنے کینگروز کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی آدھی ٹیم نصف سنچری پر ہی ڈھیر ہوگئی۔  آسٹریلیا کی پہلی وکٹ سات، دوسری آٹھ ، تیسری 15 ، چوتھی 21 اور پانچویں وکٹ 51 رنز پر گری جس کے بعد کپتان ایرون فنچ نے ٹیم کو سنبھالا اور محتاط بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو بڑی خفت سے بچالیا۔ انہوں نے 49 گیندوں پر  چار چوکوں کی مدد سے 44  رنز بنائے۔

انگلینڈ کی جانب سے مجموعی طور پر پانچ باؤلرز کو روایتی حریف آسٹریلیا کے خلاف استعمال کیا گیا۔ پانچوں انگلش باؤلرز وکٹیں حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔کرس جورڈن نے تین،  کرس ووکس اور  ٹائمل ملز نے دو، دو، عادل رشید اور لیام لونگ سٹون  نے ایک ، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھائی۔