پاک بنگلہ دیش ٹیسٹ کا دوسرا روز ختم ، مہمان ٹیم نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے 10رنز بنا لیے

پاک بنگلہ دیش ٹیسٹ کا دوسرا روز ختم ، مہمان ٹیم نے بغیر کسی وکٹ کے نقصان کے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

راولپنڈی(ڈیلی پاکستان آن لائن )پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا دوسرا دن ختم ہوگیا، مہمان ٹیم نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 10 رنز بنالیے۔ قومی ٹیم پہلی اننگز میں 274 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوئی۔ راولپنڈی میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ 

دوسرے روز پاکستان نے بیٹنگ شروع کی تو اسے پہلا نقصان صفر پر ہی اٹھانا پڑ گیا جب عبداللّٰہ شفیق کو تسکین احمد نے چلتا کیا۔دوسری وکٹ پر کپتان شان مسعود اور صائم ایوب نے 107 رنز جوڑے، اس مجموعے پر شان مسعود 57 رنز بنا کر مہدی حسن کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔ تیسرے آؤٹ ہونے والے بیٹر صائم ایوب تھے جو 58 رنز کی اننگز کھیل کر 123 کے مجموعے پر اسٹمپ ہوئے، انہیں بھی مہدی حسن نے آؤٹ کیا۔ 

بنگلا دیش کے خلاف پاکستان کی چوتھی وکٹ 151 رنز اور پانچویں وکٹ 179 رنز پر گری۔ اس مرتبہ آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں 16 رنز بنانے والے سعود شکیل اور 31 رنز بنانے والے بابر اعظم تھے۔گزشتہ میچ میں سنچری بنانے والے محمد رضوان دوسرے میچ کی پہلی اننگز میں 29 رنز کی مہمان ٹھہرے۔ انہیں ناہید رانا نے کیچ آؤٹ کیا۔بعد ازاں سلمان علی آغا نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کا ٹوٹل 274 رنز تک پہنچایا۔ 

سلمان 54 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ انکے ہمراہ بیٹنگ کرتے ہوئے خرم شہزاد نے 12، محمد علی نے 2 جبکہ ابرار احمد نے 9 رنز بنائے۔ بنگلادیش کی جانب مہدی حسن میراج نے 5 وکٹیں لیں، تسکین احمد نے 3  جبکہ شکیب الحسن اور ناہید رانا نے ایک ایک آؤٹ کیا۔دوسرے دن کھیل کے اختتام تک بنگلادیش نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 10 رنز بنالیے تھے۔ شادمان اسلام 6 جبکہ زاکر حسن بغیر کوئی رن بنائے وکٹ پر موجود ہیں۔واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا روز بارش کی نذر ہوگیا تھا۔

مزید :

کھیل -