رحیم یار خان، تیز گام ایکسپریس سلنڈردھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد74 ہو گئی،متعددزخمیوں کی حالت تشویشناک،کوئی لاش قابل شناخت نہیں
رحیم یار خان(ڈیلی پاکستان آن لائن) تلواری سٹیشن پر تیز گام ایکسپریس میں گیس سلنڈر دھماکے میں جا ں بحق افراد کی تعداد74ہو گئی جبکہ زخمیوں میں متعدد افراد کی حالت تشویشناک ہے ۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقرحسین نے کہا ہے کہ ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد74ہو گئی ہے اور زیادہ ترلاشیں قابل شناخت نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ،وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ٹرین حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق تیز گام ایکسپریس کراچی سے پنڈی جارہی تھی ،ٹرین میں تبلیغی اجتماع پر جانے والے افراد سوار تھے، لیاقت پور کے قریب ٹرین میں ناشتہ بناتے ہوئے سلنڈر دھماکے سے پھٹ گیا جس سے مسافروں کے سامان میں موجود گھی ،آئل وغیرہ سے آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری بوگی کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، آگ مزید بڑھتے بڑھتے دوسری اور تیسری بوگی تک پہنچ گئی اور وہاں پرموجود سلنڈر بھی دھماکے سے پھٹ گئے۔
آتشزدگی واقعہ میں مسافر چلتی ٹرین سے کود گئے ،واقعہ میں جاں بحق افراد کی تعداد74ہو گئی جبکہ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے،واقعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ، جاں بحق اور زخمیوں کو رحیم یار خان کے ہسپتال میں منتقل کردیا گیا،ہسپتال میں سہولیات ناکافی ہونے کی وجہ سے زخمیوں کو نشتر ہسپتال ملتان منتقل کیا جائے گا۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقرحسین نے کہا ہے کہ کوئی بھی لاش قابل شناخت نہیں ہے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ،آتشزدگی کا واقعہ صبح 6 بج کر 45 منٹ پر پیش آیا،فائر بریگیڈاور ریسکیو کے عملے نے کافی تک و دو کے آگ پر قابو پا لیا۔ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ گاڑی میں آگ گیس کا چولہا پھٹنے سے لگی، آگ نے تین بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لیا، آگ کو بجھانے کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں، 2 گھنٹے میں ٹریک کھول دیں گے۔شیخ رشید کا کہنا تھا تبلیغی جماعت کے کچھ افراد سلنڈر پر ناشتہ بنا رہے تھے، مسافروں کو لیاقت پور پہنچا دیا گیا۔ آگ 3، 4 ،5 نمبر بوگی میں لگی، متاثرہ بوگیوں میں رائیونڈ تبلیغی اجتماع پر جانے والے افراد سوار تھے۔