حکومت اپریل سے قبل ہی کورونا ویکسین حاصل کرلے، اے این پی 


اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) عوامی نیشنل پارٹی نے کورونا ویکسین کی دستیابی،استعمال اور وباء کے معیشت پر اثرات سے نمٹنے کے حوالے سے اپنی جامع پالیسیاں جاری کر دی ہیں۔پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے کہا کہ کورونا وائرس ویکسی نیشن سے متعلق عوامی نیشنل پارٹی کی پالیسی ویکسین کی لاگت، افادیت اور پاکستان میں اس کے اطلاق کی بنیاد پر منتخب کرنا ہے۔ ویکسین کے حصول اور اسے ذخیرہ کرنے کے دوران اس کی حفاظتی ضروریات کو یقینی بنانا چاہیے۔ عوامی نیشنل پارٹی مطالبہ کرتی ہے کہ حکومت کو اپریل 2021 سے پہلے ہی ویکسین حاصل کر لینی چاہیے اور جہاں کورونا وائرس کے مریض زیادہ ہیں وہاں یہ ویکسین مفت فراہم کرنی چاہیے اور اس کا انتظام آفاقی سطح پر ہونا چاہیے۔ مقامی تیاری سے لاگت کو کم رکھنے اور اس کی دستیابی میں مددملتی ہے۔کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے لاک ڈاؤن کوئی حل نہیں بلکہ حفاظتی تدابیر اختیار کرتے ہوئے تمام تعلیمی اداروں کو کھلا رکھنا چاہیے۔ خیبر پختونخواہ خاص طور پر فاٹا کے ضم شدہ علاقوں میں براڈبینڈ انٹرنیٹ کی فراہمی ضروری ہے۔طلباء کو اسمارٹ فونز یا لیپ ٹاپ مہیا کیے جانے چاہیں فیس میں رعایت اور مستحق طلباء کو زیادہ سے زیادہ اسکالرشپ دیے جائیں۔
اے این پی