وباءسے متاثرہ تعلیم و معیشت کے شعبوں کی بحالی کیلئے اقدامات ناگزیر: مسلم لیگ (ن) 

 اسلام آباد(خصوصی رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ نواز نے کورونا وائرس کے تحت ویکسی نیشن، تعلیم اور معیشت پر اپنی جامع پالیسیاں جاری کر دی ہیں۔صدر، پروفیشنلز ونگ مسلم لیگ نواز، ممبر معاشی مشاورتی کونسل اور سابق وفاقی وزیر پانی و بجلی سینیٹر مصدق مسعود ملک نے پلڈاٹ کے زیر اہتمام پارٹی کے پالیسی ونگ کے ورکنگ سیشن کے بعد ایک پریس ٹاک میں ان پا لیسیوں کا اعلان کیا جس کے مطابق ویکسی نیشن پر پارٹی اس بات پر یقین رکھتی ہے ویکسین کی جلدی اور مساوی رسائی کو یقینی بنایا جائے،سب سے پہلے صحت سے وابستہ کارکنوں، پیرا میڈ یکل سٹاف، عمر رسیدہ افراد اور کم مدافعت رکھنے والے افراد اور پھر ان کے بعد اساتذہ، خانہ بدوش اور باقی آبادی کو ویکسین لگائی جائے۔ پارٹی مستحق لوگوں کو اپنا اندراج کرانے اور نگرانی کے مقصد کیلئے ایک ڈیٹا بیس کے قیام پر یقین رکھتی ہے۔ ویکسی نیشن مراکز بھی قائم کیے جائیں اور موجودہ تربیت یافتہ ویکسی نیشن عملہ بھی استعمال کیا جائے، آمد ورفت کی لا گت، دورانیہ وغیرہ اور کولڈ چین اور لاجسٹکس کی صلاحیت سمیت مختلف عوامل کی بنیاد پر ایک مناسب ویکسین کا انتخاب بھی کیا جانا چاہئے، پسماندہ طبقات کو یہ ویکسین مفت دی جانی چا ہیے۔ معیشت پر کورونا وائرس کے اثرات سے نمٹنے کیلئے پارٹی پالیسی کم آمدنی والے علاقوں میں ماسک کی مفت تقسیم پر زور دیتی ہے، حفاظتی تدابیر کی مکمل پابندی اور ان کی خلاف ورزی کرنیو ا لوں کو سزا دینے کی حمایت کرتی ہے۔ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو امداد اور ریلیف اور ٹیکس سے متعلق رعا یت فراہم کرنے کیساتھ ساتھ جون 2021 تک بجلی کے بلوں کو التوا کردینا چاہیے، محصولات پیدا کرنے کے اقدام، متاثرہ کسانوں کو امدا دی پیکیجز، چھوٹے کاشتکاروں کو قرضے فراہم کیے جائیں۔ ایسے شہریوں کواحسا س پروگرام یا بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی توسیع کرکے امداد فر ا ہم کی جائے جو وباء کے دوران اپنی ملازمت سے محروم ہوگئے ہیں۔ بیرونی قرضوں کی ادائیگی کو پورا کرنے کیلئے آئی ایم ایف پروگرام میں اندرا ج کی بھی حمایت کرتی ہے۔ سکولوں کو بند نہیں کیا جانا چاہئے سوائے ان علاقوں کے جہاں شرح اموات دس لاکھ میں سے 100 ہو، اگر کیمپس میں تعلیم کی مکمل بندش کرنا مقصود ہو تو طلبہ اور والدین کو آن لائن کلاسوں کی تیاری کیلئے پہلے ہی آگاہ کیا جانا چاہئے، ٹیوشن فیسوں کو اصل فیسوں کا ایک تہائی حصہ کم کرنے کی ضرورت ہے۔ ملک بھر میں براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی فراہمی اور غریب خاندانوں کو آئی ٹی ڈیوائس فراہم کی جائیں۔
مسلم لیگ ن