حسینیت یہی ہے کہ ہر دور کے یزید کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے: بلاول بھٹو،آصف زرداری 

 کراچی، اسلام آباد(این این آئی، آن لائن) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق و باطل کا ایک ایسا معرکہ ہے جو ہر دور میں جاری رہا اور جاری رہے گا حسینیت یہی ہے کہ ہر دور کے یزید کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے۔ یوم عاشور کے موقع پر میڈیا سیل بلاول ہاؤس سے جاری کردہ اپنے پیغام میں پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ امام حسین ؓ دنیا بھر کے انسانوں کے لئے شجاعت کا ایک درس ہیں حسینیت دراصل ایک عظیم مقصد کی خاطر مزاحمت کا دوسرا نام ہے اور یوم عاشور کا سبق یہی ہے کہ ہم نے اپنے کردار میں حسینی بن کر وقت کے یزیدوں کو للکارنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خاندانِ اہلبیت نے سرزمین کربلا پر ایسی قربانی دی کہ رہتی دنیا تک انسانیت اس واقعے کو فراموش نہیں کرسکتی، صدیاں بیت گئیں مگر حضرت محمد صلی اللہ وعلیہ وسلم کے خانوادے کے مصائب کا دکھ آج بھی تروتازہ ہے اور یہ غم امام حسین ؓ کے پیروکاروں کو کمزور نہیں کرتا بلکہ اس کی خوبی یہ ہے کہ یہ شجاعت پیدا کرتا ہے انہوں نے مزید کہا کہ امام حسینؓنے ہمیں اپنے کردار سے سکھایا ہے کہ ظالم کے خلاف مزاحمت میں خواہ کتنی بڑی قربانی دینا پڑے ہمیں اس سے دریغ نہیں کرنا چاہئے  کربلا میں شیر خوار بچوں سے کڑیل جوانوں تک دنیا کے بہترین انسانوں نے شہادت کا جام پی کر انسانیت کو سرخرو کردیا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی فلسفہ حسینیت پر عمل کرتے ہوئے ہمیشہ وقت کے ظالموں سے ٹکرائی ہے اور کردارِ حسینؓ کی تقلید میں پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت نے اپنی جانوں کے نذرانے بھی پیش کئے ہیں  انہوں نے کہا کہ فلسفہ حسینیت ہی دراصل ہمارا منشور ہے اور مزاحمت کا علم تھام کر ہم اہلیان کربلا کی پیروی کرتے رہیں گے۔ دوسری جانب  یوم عاشور کے موقع پر میڈیا آفس اسلام آباد سے جاری کیئے گئے پیغام میں آصف علی زرداری نے کہا کہ نواسہ رسولؐ نے دین اسلام کی بقاء کی خاطر عظیم قربانی دیکر انسانی شعور کو بیدار کیا کہ ظالم کتنا ہی طاقتور ہو ان کا غرور ایک دن خاک میں مل جاتا ہے اور ظلم،جبر اور ناانصافی کے خلاف آواز بلند کرنے والوں کی ہی فتح ہوتی ہے آصف زرداری نے کہا کہ بہادر وہ نہیں ہوتے جو زخم رساتے ہیں بہادر وہ ہیں جو صبر اور استقامت سے زخم برداشت کرتے ہیں، آصف زرداری نے کہا کہ کربلا کے میدان میں نواسہ رسولؐ اور ان کے ساتھیوں نے اپنی جانیں قربان کرکے یزید کو عبرت ناک شکست دی تھی وہ شکست وقت کے آمروں کو شرمسار کرتی رہے گی، آصف زرداری نے مزید کہا کہ آج کا دن یہ پیغام دیتا ہے کہ سچ اور حق کیلئے دی جانے والی قربانی رائیگاں نہیں جاتی ۔ 
بلاول زرداری