افغانستان سے رہائی پانیوالے بیگناہ پاکستانیوںکے تحفظ فراہم کرنیکی درخواست پر وزارت داخلہ کے افسرکی طلبی


لاہور(نامہ نگار خصوصی )لاہور ہائیکورٹ نے افغانستان کی بگرام جیل سے رہائی پانے والے 10بے گناہ پاکستانیوں کے تحفظ اور تفصیلات فراہم کرنیکی درخواست پر وزارت داخلہ کے سینئر افسر کو 20مئی کیلئے ریکارڈ سمیت طلب کر لیا۔جسٹس خالد محمود خان نے جسٹس پراجیکٹ پاکستان تنظیم کی رہنماءسلطانہ کی طرف سے دائر متفرق درخواست پر حکم جاری کیا، درخواست گزار کی طرف سے بیرسٹر سارہ بلال نے عدالت کو بتایا کہ انٹرنیشنل ریڈ کراس ہلا ل احمر نے10 پاکستانی قیدیوں کے ورثاءکو آگاہ کیا ہے کہ بگرام جیل سے10قیدیوں کو رہا کر کے پاکستانی حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے مگر حکومت ان قیدیوں کے بارے میں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کر رہی ، حکومت نے پہلے بھی بگرام جیل سے رہا ہونے والے 6پاکستانی قیدیوں کو لاپتہ کر دیا تھا اور خدشہ ہے کہ ان 10پاکستانی قیدیوں کو بھی لاپتہ کر دیا جائیگا جو بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے ، انہوں نے استدعا کہ رہا ہونے والے 10قیدیوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور حکومت سے انکی تفصیلات طلب کی جائیں، انہوں نے یہ بھی استدعا کی ہے کہ ان قیدیوں کی اہل خانہ سے ملاقات کرائی جائے، عدالت نے ابتدائی دلائل سننے کے بعد وزارت داخلہ کے سینئر افسر کو 20کیلئے ریکارڈ سمیت عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیدیا۔