عمران خان روشن پاکستان کی نوید لے کر باعزت بری ہوں گے: وزیر اعلیٰ کے پی

ڈیرہ اسماعیل خان ( ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ عمران خان روشن پاکستان کی نوید لیکر باعزت بری ہوں گےہم عمران خان کی باعزت رہائی کیلیے ہر حد تک جائیں گے۔
"ایکسپریس نیوز " کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ عمران خان کی باعزت رہائی کے لیے ہر حد تک جائیں گے، عمران خان کو 600 دنوں سے زائد غیر قانونی پابند سلاسل کیا گیا۔ عمران خان کی جرأت اور بہادری سے یہ لوگ حواس باختہ ہیں کیونکہ انہوں نے نہ سرجھکایا اور نہ ہی ان کے ساتھ کوئی ڈیل کی۔عدالتی احکامات کے باوجود بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی جارہی، فارم 47 والی حکومت مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، پی ٹی آئی کے مینڈیٹ کو چوری کرکے چوروں کو حکومت دی گئی۔
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ یہ لوگ ہمیشہ چور دروازوں سے حکومت میں آئے اور قانون جیسے ہی حرکت میں آتا ہے تو یہ سب لندن بھاگ جاتے ہیں۔ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے عمران خان، بشریٰ بی بی سمیت تمام قائدین اور کارکنان کو رہا کرنا ہوگا، عمران خان روشن پاکستان کی نوید لیکر باعزت بری ہوں گے۔