2025 خواتین کے تحفظ اور بااختیار بنانے کیلیے مؤثر اقدامات کا سال ہوگا: حنا پرویز بٹ
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) چیئرپرسن پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی حنا پرویز بٹ نے سالِ نو کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ 2025 خواتین کے تحفظ، حقوق اور مساوی مواقع کی فراہمی کے لیے مزید مؤثر اقدامات کا سال ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو محفوظ اور بااختیار بنانے کے لیے اتھارٹی اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی تاکہ ایک مضبوط اور روشن مستقبل کی بنیاد رکھی جا سکے۔ خواتین کے خلاف تشدد اور ہراسگی کے واقعات کی روک تھام کے لیے نہ صرف سخت اقدامات کیے جائیں گے بلکہ آگاہی مہمات اور تربیتی ورکشاپس کے ذریعے خواتین میں اپنے حقوق سے متعلق شعور اجاگر کیا جائے گا۔
چیئرپرسن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خواتین کے لیے فوری مدد، قانونی معاونت اور تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مؤثر روابط قائم کیے جائیں گے۔
پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی نے گزشتہ سال کے دوران متعدد اقدامات کیے، جن میں ہیلپ لائنز کا قیام، قانونی معاونت کی فراہمی اور خواتین کے لیے محفوظ پناہ گاہوں کا قیام شامل ہے۔