بھارت میں 8 پاکستانیوں کو 20 سال کی سزا سنادی گئی، تفصیلات سامنے آگئیں
ممبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت میں خصوصی عدالت نے 2015 کے منشیات سمگلنگ کیس میں آٹھ پاکستانیوں کو 20 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ ان پر 232 کلوگرام ہیروئن کی سمگلنگ کا الزام تھا، جس کی مالیت تقریباً سات کروڑ بھارتی روپے بتائی گئی ہے۔خصوصی عدالت کے جج ششی کانت بانگر نے این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت مقدمے میں پاکستانی شہریوں کو قصوروار ٹھہراتے ہوئے جرم کیلئے مقررہ زیادہ سے زیادہ سزا دی۔ مزید برآں ہر ملزم پر دو لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا کے مطابق 2015 میں بھارتی کوسٹ گارڈ نے گجرات کے ساحل کے قریب ایک کشتی کو روکا تھا جس میں 232 کلوگرام ہیروئن موجود تھی۔ کشتی پر موجود 11 ڈرمز میں سے 20 پلاسٹک کی تھیلیوں میں گندمی رنگ کا پاؤڈر پایا گیا تھا، جو ٹیسٹ کے بعد ہیروئن ثابت ہوا۔ کشتی سے سیٹلائٹ فونز، جی پی ایس نیویگیشن چارٹس اور دیگر الیکٹرانک آلات بھی برآمد کیے گئے تھے۔ گرفتار شدگان کو بعد میں ممبئی کے یلو گیٹ پولیس سٹیشن کے حوالے کیا گیا تھا۔
خصوصی سرکاری وکیل سمیس پنجوانی نے عدالت سے درخواست کی کہ مجرموں کو سخت سزا دی جائے تاکہ یہ دوسرے منشیات فروشوں کے لیے سبق ہو۔ دوسری جانب دفاع کے وکیل نے عدالت سے نرمی کی درخواست کی تھی۔عدالت نے استغاثہ کے دلائل کو مدنظر رکھتے ہوئے نرمی برتنے سے انکار کیا اور زیادہ سے زیادہ سزا سنائی۔