خیبرپختونخوحکومت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہاں سینیٹ کا الیکشن نہیں ہوسکا: اپوزیشن لیڈر
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن )خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عباداللہ نے کہا ہے کہ حکومت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہاں سینیٹ کا الیکشن نہیں ہوسکا۔
نجی ٹی وی جیو نیوز کے مطابق پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خیبر پختونخوا اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر عباد اللہ نے کہا کہ سپیکر کسٹوڈین آف دی ہاو¿س ہوتا ہے، آج کسٹوڈین آف دی ہاو¿س غائب ہے، سپیکر بانی پی ٹی آئی کے ٹائیگر بنے ہوئے ہیں، سپیکر صوبائی اسمبلی نے اپنا کردار ادا نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ یہ نہ آئین کو مانتے ہیں نہ قانون کو مانتے ہیں، پہلی بار غیرقانونی طور پر کے پی اسمبلی ہال الیکشن کمیشن کے حوالے کیا گیا، حکومت کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے یہاں سینیٹ کا الیکشن نہیں ہوسکا۔
عباد اللہ کا کہنا تھا کہ یہ لوگ الیکشن کمیشن اور عدالت کے واضح فیصلوں کو نہیں مانتے، عوام کی بدقسمتی ہے کہ پورے ملک کے برعکس یہاں سینیٹ انتخابات نہیں ہورہے۔