مولانا عبدالمجید لدھیانوی ملتان میں وفاق المدارس کے سیمینار کے دوران انتقال کر گئے

مولانا عبدالمجید لدھیانوی ملتان میں وفاق المدارس کے سیمینار کے دوران انتقال ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ملتان،کہروڑپکا( نیوز رپورٹر، تحصیل رپورٹر) وفاق المدارس العربیہ کے مرکزی سرپرست ، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت کے امیر، مدرسہ باب العلوم کہروڑ پکا کے مہتم اور معروف عالم دین مولانا عبدا لمجید لدھیانوی وفاق المدارس کے سیمینار میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال کر گئے ۔ مولانا عبد المجید لدھیانوی گذشتہ روز مدارس کی رجسٹریشن کے حوالے سے ملتان میں وفاق المدارس کی جانب سے منعقدہ اجلاس میں شریک ہو ئے اس دوران انہوں نے مدارس کی ملک بھر میں دینی خدمات کے موضوع پر اپنا آخری خطاب کیا بعدازاں سیمینار کے دوران ہی ان کو اچانک دل کا دورہ پڑا جو جان لیوا ثابت ہوا ان کو فوری طور کارڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ ملتان لے جانے کی کوشش کی گئی لیکن وہ دم توڑ چکے تھے۔ مولانا عبدالمجید لدھیانوی سید نفیس الحسینی کے خلیفہ اور مفتی محمود کے شاگرد تھے انہوں نے قرآن پاک کی تفسیر اور خطبات حکیم الاثر سمیت مختلف دینی کتب تحریر کی ہیں ان کی عمر 84سال تھی ۔ مرحوم کی نماز جنازہ آج صبح دس بجے عباسیہ فارم کہروڑ پکا میں ادا کی جائے گی ۔ مولانا کے انتقال کی خبرجنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس سے ان شاگردوں اور معتقدین میں غم کی لہر دوڑ گئی ہے ۔جے یو آئی ( ف ) کے مرکزی قائدین مولانا فضل الرحمن ، مولانا عبد الغفور حیدری ، حافظ حسین احمد ، قاری محمد حنیف جالندھری ، مولانا زبیر صدیقی اور دیگر مذہبی رہنماؤں نے مولانا کی وفات کو عظیم سانحہ قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ معروف عالم دین نے مدارس کے تحفظ کیلئے جان دی ہم مدارس پر کوئی آنچ نہ آنے دیں گے۔

مزید :

صفحہ اول -