خاتون 8 سال تک خود کو کینسر کی مریضہ ظاہر کرکے چندہ جمع کرتی رہی، لیکن کس ایک چھوٹی سی غلطی کی وجہ سے پکڑی گئی؟

خاتون 8 سال تک خود کو کینسر کی مریضہ ظاہر کرکے چندہ جمع کرتی رہی، لیکن کس ایک ...
خاتون 8 سال تک خود کو کینسر کی مریضہ ظاہر کرکے چندہ جمع کرتی رہی، لیکن کس ایک چھوٹی سی غلطی کی وجہ سے پکڑی گئی؟
سورس: PickPik

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

واشنگٹن (ڈیلی پاکستان آن لائن) امریکی ریاست کیلیفورنیا کی ایک خاتون امانڈا کرسٹین رائلی نے کینسر کا جھوٹا دعویٰ کر کے آٹھ  سال تک اپنے دوستوں، رشتہ داروں اور کمیونٹی کے افراد سے ایک لاکھ پانچ ہزار ڈالر  کے عطیات بٹور لیے۔ یہ دھوکہ دہی اتنی چالاکی سے کی گئی کہ کسی کو شک نہ ہوا، یہاں تک کہ کچھ مشہور شخصیات بھی اس فراڈ کا شکار ہو گئیں۔ اب اس سکینڈل پر مبنی ایک نئی ڈاکیومنٹری سیریز "Scamanda" بنائی گئی ہے، جس میں متاثرین اپنی کہانی بیان کر رہے ہیں۔

دی مرر کے مطابق امانڈا رائلی نے خود کو ایک ایسی مظلوم ماں ظاہر کیا جو کینسر سے لڑ رہی تھی۔ اس نے اپنی "علاج کی تکلیف دہ جدوجہد" کو ایک بلاگ اور سوشل میڈیا پر شیئر کیا، جہاں اس کے الفاظ نے لوگوں کے دلوں کو جھنجھوڑ دیا۔ وہ جان بوجھ کر اپنا سر منڈوا کر خود کو کیموتھراپی کی  اثرات زدہ ظاہر کرتی، اور اپنی تصاویر میں بازو پر  ڈرپ لگا کر پوسٹ کرتی تاکہ لگے کہ وہ واقعی علاج کے مرحلے سے گزر رہی ہے۔

امانڈا کی کہانی میں شک اُس وقت پیدا ہوا جب اس کی دوست لیزا بیری نے اسے آرام سے پانی میں تیراکی کرتے ہوئے دیکھا، جبکہ وہ دعویٰ کر رہی تھی کہ اس کے دماغ سے کچھ دن پہلے فلوئیڈ نکالا گیا تھا۔ یہ تضاد دیکھ کر لیزا نے 2015 میں صحافی نینسی موسکاتیلو کو اطلاع دی جس نے ایک سال  کی تفتیش کے بعد ناقابلِ تردید ثبوت اکٹھے کیے۔

نینسی موسکاتیلو کی تحقیق کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ  امانڈا نے جس ہسپتال میں "علاج" کروانے کا دعویٰ کیا تھا، وہاں کے عملے نے تصدیق کی کہ انہوں نے کبھی اسے داخل نہیں کیا۔ وہ ڈاکٹرز جن کے نام امانڈا نے بتائے تھے، ان کا ریکارڈ ہسپتال میں موجود ہی نہیں تھا۔ اس کے علاج کے دعوے اور عام طور پر دئیے جانے والے کینسر کے علاج میں واضح فرق تھا۔

اس دھوکے نے کئی متاثرین کو شدید جذباتی اور مالی نقصان پہنچایا۔ ایک عطیہ دہندہ نے کہا، "میں اب کسی فنڈریزنگ پر بھروسہ نہیں کر سکتا۔ وہ ہماری کمیونٹی کا روشن ستارہ سمجھی جاتی تھی، مگر اس نے سب کو دھوکہ دیا۔" تحقیقات مکمل ہونے کے بعد 2020 میں امانڈا پر وائر فراڈ کا الزام عائد کیا گیا۔ اکتوبر 2021 میں اس نے جرم قبول کر لیا جس پر اسے پانچ سال قید کی سزا سنائی گئی۔

مزید :

ڈیلی بائیٹس -