ایرانی سفیر کی ملاقات، فرقہ وارانہ کشیدگی میں امریکہ کی مکروہ سیاست ملوث: فضل الرحمن
اسلام آباد(آئی این پی)سربراہ کے یو آئی (ف)مولانا فضل الرحمن نے ایران کے سفیر ڈاکٹر رضاامیری سے ملاقات میں کہا ہے اسلامی دنیا میں فرقہ وارانہ کشیدگی میں امریکہ ا و ر دیگر کی مکروہ سیاست ملوث ہے، ایسی سیاست کو انسانیت تو نہیں کہا جاسکتا،غزہ میں قیامت ڈھا دی گئی مگر انسا نی حقوق کی یہ سنگین پامالیاں امریکہ کو نظر نہیں آتیں۔ امریکہ اور سامرا جی قوتیں مسلم دنیا کو آپس میں لڑانے کی سازشیں کررہی ہیں۔ پاکستان میں تعینات ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم نے اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی)کے سر براہ مولانا فضل الرحمن سے ان کی رہائشگاہ میں ملاقات کی، ایرانی سفیر نے وفد کے ہمراہ ملاقات کے موقع پران کی صحت و تندرستی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور ایران پاکستا ن تعلقات، علاقائی صورتحال بالخصوص غزہ میں جاری ناجائز صہیونی ریاست کی جارحیت پر تبادلہ خیال کیا۔ ایرانی سفیر نے فلسطین کی حمایت پر جے یو آئی کی کاوشوں اور پاکستان بھر میں شایان شان غزہ یکجہتی مظا ہروں کے انعقاد پر سلام پیش کیااورکہا علمائے کرام بالخصوص آپ جیسے مدبر اور حکیم سیاسی رہنما سے تبادلہ خیال اور صلاح مشورہ کو ضروری سمجھتا ہو ں۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا عالم اسلام فلسطینیوں کی حمایت میں مضبوط آواز بلند کرے، خطے کے اہم ممالک پاکستان، ایران، ترکیہ، سعودی عرب اور ملائیشیا دفاع غزہ اور اسرائیل کیخلاف ٹھوس اقدامات کریں، ہم نے عوام کیساتھ مل کر پاکستان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کی سازش کو دفن کردیا ہے، مولانا فضل الرحمن نے ملاقات کے بعد ایرانی میڈیا سے مختصر گفتگو کرتے ہوئے کہا امریکہ کبھی امت مسلمہ کا خیر خواہ نہیں رہا،اس کو ہمیشہ اپنے مفادات عزیز ہوتے ہیں اور مسلسل صہیونی ریاست کی پشت پناہی کررہا ہے۔
فضل الرحمن