جن لوگوں نے آج کرم واقعہ کیا انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا:بیرسٹر سیف
پشاور ( ڈیلی پاکستان آن لائن )خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ جن لوگوں نے آج کرم واقعہ کیا انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔ ذمے دار لوگوں کو کرم معاہدے کی اونرشپ لینا پڑے گی۔
"جیو نیوز" کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران بیرسٹر سیف نے کہا کہ نہیں سمجھتے کہ آج کے واقعے سے امن معاہدہ کو کوئی مسئلہ درپیش ہوا ہے۔ آج کے واقعے نے قافلے کی روانگی کے عمل کو متاثر کیا، یہ واقعہ امن کے قیام کی کوششوں کو ناکام بنانے کی مذموم کوشش تھی۔ جن لوگوں نے آج کرم واقعہ کیا ہے انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا، ڈپٹی کمشنر صدہ سے آرہے تھے بگن کے علاقے میں 60 سے 70 لوگ سڑک پر آئے اور ان کی گاڑی روکی۔
بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ تحقیقات ہورہی ہیں کہ یہ کون لوگ تھے سب کو گرفتار کیا جائے گا، ڈپٹی کمشنر کی گاڑی پر فائرنگ میں ملوث عناصر کو نہیں چھوڑا جائے گا۔ جیسے ہی سیکیورٹی کلیئرنس ملے گی کانوائے کو روانہ کردیں گے، علاقے کے ذمہ دار لوگوں کو معاہدے کی اونرشپ لینا پڑے گی۔ہم اپنا کردار ادا کررہے ہیں، وفاق کو بھی کرم میں متحرک کردار ادا کرنا ہوگا۔