میانوالی ، پٹرولنگ پوسٹ پر حملہ پسپا، 2دہشتگرد ہلاک ، ایک اہلکار شہید

      میانوالی ، پٹرولنگ پوسٹ پر حملہ پسپا، 2دہشتگرد ہلاک ، ایک اہلکار شہید

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

                                                                        لاہور،میانوالی (کرائم رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوزایجنسیاں) میانوالی میں کنڈل کے مقام پر پٹرولنگ پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دو دہشتگرد مارے گئے۔آئی جی پنجاب عثمان انور کے مطابق دس سے بارہ دہشتگردوں نے کنڈل کے مقام پر پٹرولنگ پوسٹ پر حملہ کیا تھا، چھت پر تعینات اہلکار کی جوابی فائرنگ سے دو دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔آئی جی پولیس کا کہنا ہے کہ10سے 15دہشگردوں نے پٹرولنگ پوسٹ پر دو اطراف سے حملہ کیا ، پنجاب پولیس نے بھرپور جوابی کارروائی کرتے ہوئے کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر دہشتگردوں کا حملہ ناکام بنا دیا، پولیس کی جوابی کارروائی کے بعد دو دہشتگرد ہلاک جبکہ دیگر فرار ہوگئے۔عثمان انور کے مطابق حملے میں پولیس ہیڈکانسٹیبل ہارون خان بھی دہشتگردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ ایس ایم ڈی لائٹس کے ساتھ سی ٹی ڈی کی ٹیمیں پہنچ گئی ہیں، دہشتگردوں کا پیچھا کیا جا رہا ہے، اندھیرے اور پہاڑی علاقہ ہونے کی وجہ سے انتہائی احتیاط کے ساتھ آپریشن کیا جا رہا ہے۔۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس حکام موقع پر پہنچ گے اور شہید کے جسدخاکی کو میانوالی ہسپتال منتقل کر کے دہشت گردوں کی تلاش میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔ کچھ سال قبل اسی زیر تعمیر چیک پوسٹ پر راکٹ لانچروں سے حملہ کردیا گیا تھا۔ کنڈل پٹرولنگ پوسٹ پر حملے کے دوران مارے گئے دونوں دہشت گردوں کی شناخت ہوگئی۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق زبیر نواز کا تعلق کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے ہے جو لکی مروت کے ٹی ٹی پی امیر ارشد نواز کا بھائی تھا۔حکام کا بتانا ہے کہ زبیر نواز پنجاب میں فرقہ وارانہ قتل، بھتہ خوری اور سنگین جرائم میں مطلوب تھا۔سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دوسرے دہشت گرد کی شناخت محمد خان کے نام سے ہوئی ہے اور اس کا تعلق بھی کالعدم ٹی ٹی پی کے ٹیپو گروپ سے تھا، دونوں دہشت گردوں کی شناخت انٹیلی جنس ایجنسیوں اور جدید سافٹ ویئرز کی مدد سے ہوئی۔ دہشتگردانہ حملے میں شہید ہونے والے پولیس کانسٹیبل ہارون خان کی نمازہ جنازہ پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔شہید پولیس کانسٹیبل ہارون خان کی نماز جنازہ میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ڈی آئی جی پی ایچ پی اطہر وحید، آر پی و شارق جمال سمیت دیگر پولیس افسران نے شرکت کی، نماز جنازہ میں شہریوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔پولیس کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور شہید کے جسد خاکی پر پولیس اور شہریوں کی طرف سے گل پاشی کی گئی، اس موقع شہید ہارون خان کا 4 سالہ بیٹا اور 5 سالہ بیٹی بھی موجود تھے۔نگران وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے میانوالی میں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے دہشت گردوں کاحملہ ناکام بنایا ۔ اپنے بیان میں وزیر داخلہ نے کہاکہ پولیس کے بہادر جوانوں نے دو دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا ۔ انہوںنے کہاکہ جام شہادت نوش کرنے پر پولیس اہلکار ہارون خان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ۔ سابق صدر آصف زرداری اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے میانوالی میں پولیس پر ہونے والے دہشتگردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔اپنے پیغام میں سابق صدر آصف علی زرداری نے شہید پولیس اہلکار کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا، اور مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کا پیچھا کرکے ان کی نرسریوں کو تباہ کیا جائے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی میانوالی میں دہشتگردوں کی طرف سے پولیس پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے جوانوں کو بہادری سے مقابلہ کرنے پر شاباش پیش کرتا ہوں۔انہوں نے پولیس کے شہید اہلکار کے خاندان سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کا پیچھا کرکے ان کے سرپرستوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے، دہشتگرد دھرتی اور قوم کے دشمن ہیں۔آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انورنے میانوالی پہنچ کرپی ایچ پی چیک پوسٹ کنڈل کا دورہ کیا اور کنڈل چیک پوسٹ کا نام شہید ہیڈ کانسٹیبل ہارون خان کے نام پر رکھنے کا اعلان کر دیا، آئی جی پنجاب ڈاکٹرعثمان انورنے دہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے والے پٹرولنگ پوسٹ پرتعینات بہادرجوانوں سے ملاقات کی، جوانوں کوحملہ ناکام بنانے پر نقد انعام سے نوازا گیا،مورچے پر تعینات جوانوں نے گزشتہ رات دہشت گردوں کے حملے کی تفصیلات بتائیںآئی جی پنجاب نے جوانوں کودہشت گردوں کا حملہ ناکام بنانے پر نقد انعام سے نوازا اور شاباش دی۔،آئی جی پنجاب نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب پولیس خیبرپختونخواہ حکومت اورآرمڈ فورسز کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کاصفایا کریں گے۔آپریشن کرنیوالے سی ڈی ٹی جوانوں کیلئے 5لاکھ ، چیک پوسٹ پرتعینات تمام جوانوں کو 30لاکھ روپے انعام دیا،ڈاکٹرعثمان انور نے پٹرولنگ پولیس کے متعلق کہا کہ بارڈرایریاز کی پٹرولنگ پولیس پوسٹوں کو مزید مضبوط اور سہولیات سے آراستہ کریں گے۔دہشت گردی کے بزدلانہ حملے ہمارا مورال پشت نہیں کر سکتے،آئی جی پنجاب نے پٹرولنگ پوسٹ کنڈل کے نڈر جوانوں کا حوصلہ بڑھایا اور نعرے لگائے۔

دشتگرد حملہ

مزید :

صفحہ اول -