خودکشی کے لیے عمارت سے کودنے والی لڑکی راہگیر خاتون پر آگری،دونوں ہلاک
ٹوکیو (ڈیلی پاکستان آن لائن )جاپان کے شہر یوکاہاما میں خودکشی کرنے کے لئے شاپنگ سینٹر کی چھت سے چھلانگ لگانے والی لڑکی نیچے چلتی ایک راہگیر خاتون پر آگری۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق 17 سالہ طالبہ نے یوکوہاما کے پرہجوم علاقے میں شاپنگ سینٹر کی عمارت سے چھلانگ لگائی تو وہ نیچے راہ چلتی 32 سالہ خاتون پر آگری، جو اپنے دوستوں کے ساتھ جارہی تھی۔
واقعہ کے بعد دونوں کو ہسپتال لے جایا گیا جہاں1 گھنٹے بعد طالبہ کو مردہ قرار دے دیا گیا، کچھ دیر بعد دوسری خاتون کی موت کی تصدیق بھی کردی گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ابھی واضح نہیں ہوسکا کہ نیا تعلیمی سال شروع ہونے سے پہلی نوجوان لڑکی نے کیوں خودکشی کی۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس جاپان میں سکولوں میں طلبہ کو پیش آنے والے مسائل کے سبب 513 بچوں نے خودکشی کی تھی۔ جاپان میں جو بچے سکول نہیں جانا چاہتے انہیں ’فوٹوکو‘ کہا جاتا ہے، جن کے بارے میں حکومت کا کہنا ہے کہ وہ گھریلو جھگڑوں، دوستوں کے ساتھ پیدا ہونے والے مسائل اور دوسرے بچوں کی مار پیٹ کے باعث سکول جانے سے گریز کرتے ہیں۔