وزیراعلٰی عثمان بزدار کا تھیلیسیما کے مریضوں کو صحت انصاف کارڈ دینے کا اعلان
لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے تھیلے سیمیا کے 30ہزار مریضوں کیلئے بھی صحت انصاف کارڈ کے اجراء کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ صحت انصاف کارڈ سے صوبہ بھر میں خصوصی افراد کے70ہزار خاندان مستفید ہوں گے۔ایوان وزیراعلیٰ میں منعقدہ تقریب میں سردار عثمان بزدار نے خصوصی افرادکو صحت انصاف کارڈ کی تقسیم کے پروگرام کا باقاعدہ افتتاح کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار اپنی نشست سے اٹھ کر خصوصی افراد کے پاس گئے اوران میں صحت انصاف کارڈ تقسیم کیے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت خصوصی افراد کی بحالی اورانہیں معاشرے کا مفیدتر شہری بنانے کیلئے کوشاں ہیں کیونکہ صحت انصاف کارڈ پاکستان تحریک انصاف کا فلیگ شپ پروگرام ہے۔انہوں نے کہا کہ خصوصی افراد کو صحت کارڈ پر 7لاکھ 20ہزار تک علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ خصوصی افراد کو آنے جانے کے اخراجات کے طو رپر ایک ہزار روپے مزید ادا کئے جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ”احساس،اخلاص، ہمدردی اور مدد“ پر یقین رکھتی ہے۔ہم ایسا معاشرہ چاہتے ہیں جس میں تمام طبقات کو سماجی اور معاشی تحفظ حاصل ہو۔انہوں نے کہا کہ ساڑھے3ارب روپے کے ”ہم قدم“ پروگرام سے صوبہ بھر کے 2لاکھ خصوصی افراد کو ماہانہ مالی امداد دی جائیگی،حکومت خصوصی افراد کو ملازمتوں میں 2فیصد کوٹہ فراہم کرنے کے عزم پر کاربند ہے جبکہ پونے 6سو سے زائد نابینا افرادکو بھی 7سال کے بعد حکومت پنجاب روز گار فراہم کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ساہیوال، بہاولپور، سرگودھا او راوکاڑہ میں سپیشل ایجوکیشن کے 4انسٹی ٹیوٹ قائم کئے جا رہے ہیں، لاہور سمیت 8سپیشل ایجوکیشن مراکز کو پرائمری سے مڈل اور مڈل سے سکینڈری لیول تک اپ گریڈ کیا جارہا ہے جبکہ خصوصی بچوں کو سپیشل ایجوکیشن مراکز میں آنے جانے کیلئے 14نئی بسیں فراہم کی جا رہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ فلاحی ریاست ہرفرد کیلئے ذمہ دارہوتی ہے جبکہ خصوصی افراد کی بحالی اور انہیں معاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گے۔اس موقع پرصوبائی وزیر محمد اخلاق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ہر وقت متحرک رہتے ہیں۔پہلی مرتبہ پنجاب میں سپیشل ایجوکیشن پالیسی لارہے ہیں۔خصوصی افراد کیلئے ایپ، ہیلپ لائن اوربائیو میٹر ک سسٹم بھی لارہے ہیں۔ ڈاکٹر یاسمین راشد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ غربت کی سطح سے نیچے زندگی گزارنے والے افراد کو باعزت طریقے سے علاج معالجے کی سہولت فراہم کریں گے۔بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدار سے وائس چیئرپرسن پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی علی اسجدملہی نے ملاقات کی،جس میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی کارکردگی،معاشرے کے پسے ہوئے طبقے اور خصوصی افرادکو سہولتیں دینے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ محروم معیشت افراد کی فلاح وبہبود کے حوالے سے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا کردار بہت اہم ہے۔ہماری حکومت معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کر رہی ہے اور کم وسائل رکھنے والے افرادکی فلاح وبہبود کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ”باہمت بزرگ پروگرام“ کیلئے 3ارب روپے رکھے گئے ہیں،اس پروگرام کے تحت 65سال سے زائد عمر کے بزرگوں کی ماہانہ مالی معاونت کی جائے گی جبکہ معذور افراد او ران کے خاندانوں کو درپیش مسائل کو کم سے کم کریں گے۔ معذور افراد کے خاندانوں کی مشکلات میں کمی کیلئے ہم قدم کے نام سے پروگرام شروع کررہے ہیں اوراس پروگرام کیلئے 3ارب 50کروڑ روپے بجٹ میں مختص کئے گئے ہیں،بیواؤں اور یتیم بچوں کی کفالت کیلئے 2ارب روپے کی لاگت سے سرپرست پروگرام متعارف کرایاجا رہاہے جبکہ پورے صوبے میں پناہ گاہوں کے قیام کو عمل میں لایا جا رہاہے۔
سردارعثمان بزدار