سرفراز بگٹی بلوچستان میں گندم کے محفوظ ذخائر نہ ہونے پر برہم
کوئٹہ (ڈیلی پاکستان آن لائن )وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی صوبے میں گندم کے محفوظ ذخائر کے انتظامات نہ ہونے پر برہم ہوگئے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے محکمہ فوڈ سے استفسار کیا کہ محفوظ ذخائر کی استعداد نہیں ہے تو اتنی گندم خریدی کیوں جاتی ہے؟سرفراز بگٹی نے بلوچستان میں گوداموں میں موجود گندم کے ذخائر کی جائزہ رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔
دوسری طرف سرفراز بگٹی کراچی پہنچے، جہاں انہوں نے فیڈریش آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کا دورہ کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ معدنیات کے شعبے میں ویلیو ایڈیشن کے ذریعے اربوں ڈالر کما سکتے ہیں، ہم معدنیات برآمد کریں گے۔
تقریب سے خطاب میں سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں کاروبار کے بہت زیادہ مواقع ہیں،
کاروباری افراد کو سکیورٹی فراہم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروباری افراد کو سرمایہ کاری کےلئے فول پروف سکیورٹی دے سکتے ہیں، سرمایہ کار ملک کی ترقی کےلئے اپنا کردار ادا کریں۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ بلوچستان میں صنعتی ترقی کےلئے توانائی کے متبادل ذرائع پر توجہ دینا ہوگی، صوبے میں پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت سرمایہ کاری کی جائے۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی کےلئے 210 ارب کا ترقیاتی بجٹ ناکافی ہے۔