(ن) لیگ نے تحریک انصاف کی بڑی وکٹ گرادی

(ن) لیگ نے تحریک انصاف کی بڑی وکٹ گرادی
(ن) لیگ نے تحریک انصاف کی بڑی وکٹ گرادی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

وہاڑی (احسان الحق سے) مسلم لیگ( ن) نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی بڑی وکٹ گرادی۔ ایم پی اے کے سابق امیدوار ساتھیوں سمیت (ن) لیگ میں شامل ہوگئے۔

این اے 157 وہاڑی کے لیگی امیدوار سید ساجد مہدی سلیم شاہ اور پی پی 232 سے ملک نوشیر انجم لنگڑیال نے الیکشن سے چند روز پہلے بڑی کامیابی حاصل کرلی۔ پی پی 232 سے تحریک انصاف کے سابق امیدوار نواب کاشف خان خاکوانی اور ان کے بھائی مدثر خان خاکوانی اپنے ساتھیوں سمیت تحریک انصاف چھوڑ کر( ن )لیگ کا حصہ بن گئے۔

انہوں نے تحریک انصاف سے راہیں جدا کرنے کا اعلان ایک بڑے جلسے کی صورت میں کیا۔کاشف خاکوانی کے ڈیرے پر ہونے والے سیاسی جلسے میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

یہ این اے 157  میں مسلم لیگ (ن )کی طرف سے اب تک کا سب سے بڑا پاور شو تھا جس میں علاقے کی با اثر شخصیات کے علاوہ ہزاروں لوگ شریک ہوئے۔

جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سیاسی و سماجی رہنماؤں چوہدری ماجد کشمیری، توقیر خاکوانی، عرفان محمود خاکوانی، منصور شاہ، تصور شاہ اور دیگر نے کہا کہ ساجد مہدی سلیم شاہ نے اپنے دو ادوار میں خدمت کی سیاست کو ایک نئی جہت دی۔ انہوں نے کبھی تھانے ، کچہری کی سیاست نہیں کی ۔ یہ عوام کے دکھ سکھ میں ہر وقت شریک رہے جس کا پورا حلقہ گواہ ہے۔ 8 فروری کو حلقے کے عوام بھاری اکثریت سے ساجد شاہ اور نوشیر لنگڑیال کو کامیاب کریں گے۔

خیال رہے کہ کاشف خان خاکوانی زکوٰٰۃ و عشر کمیٹی کے سابق ضلعی چیئرمین ہیں ۔ وہ طویل عرصے سے تحریک انصاف کے ساتھ وابستہ تھے، وہ ان رہنماؤں میں سے ایک تھے جو 9 مئی کے بعد بھی پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے،  تاہم کچھ عرصہ پہلے انہوں نے خاموشی اختیار کرلی اور کاغذات نامزدگی بھی جمع نہیں کروائے جس کی وجہ سے ایم پی اے کا حلقہ خالی ہوگیا ۔

 کاشف خاکوانی کی خاموشی کی وجہ سے تحریک انصاف کو اس حلقے سے نسبتاً کم مقبول رہنما کو ٹکٹ جاری کرنا پڑا۔ کئی مہینوں کی خاموشی کے بعد کاشف خاکوانی اور مدثر خاکوانی کے اس سیاسی قدم کو ایک بڑے سرپرائز کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔