دنیا بھر کی نظریں واشنگٹن پر، انتخابی عمل ٹائٹ اور کلوز ،پاکستان سے تعلقات پر کوئی فرق پڑے گا؟ مبصرین کی مختلف آراء
اسلام آباد ( مانیٹرنگ ڈیسک)دنیا بھر کی نظریں واشنگٹن پر جمی ہیں ، انتخابی عمل ٹائٹ اور کلوز ہے ،کیاپاکستان سے تعلقات پر کوئی فرق پڑے گا؟ اس حوالے سےمبصرین نے مختلف آراء کا اظہار کیا ہے ۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ”جرگہ“میں میزبان سلیم صافی نے تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ کے صدارتی انتخابات میں اب صرف چند گھنٹے ہی رہ گئے ہیں۔دنیا بھر کی نظریں واشنگٹن پر جمی ہوئی ہیں۔ واشنگٹن سے سیاسی و معاشی تجزیہ کار عزیر یونس نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت یہ کہنا نا ممکن ہے کہ کون جیتے گا۔ کیوں ڈیٹا ہمیں یہ بتا رہا ہے کہ بالکل برابر ہے ۔ ڈونلڈ ٹرمپ جیتیں یا کملا ہیرس ، پاکستان کیساتھ امریکہ کے تعلقات پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ ڈونلڈ ٹرمپ اگر جیت گئے تو عمران کیلئے شائد ایک ٹوئٹ یا تشویش کا اظہا ر کرنے کے سوا کچھ نہیں کریں گے.
مشیر صدر بائیڈن برائے آرٹس، شاہد احمد خان نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت انتخابی عمل بہت ٹائٹ اور کلوز ہیں ، میلنگ بیلٹ اس الیکشن میں بہت بڑا عنصر ہے جس پر ٹرمپ کو ہمیشہ اعتراض رہا ہے۔ اس لیے کہ میلنگ بیلٹ ہمیشہ ڈیموکریٹس کی حمایت کرتے ہیں۔ہمیں بہت زیادہ امید ہے کہ کملا ہیرس تاریخ رقم کریں گی اور امریکا کی صدر بنیں گی۔