تھریڈز کو ہر ماہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد ساڑھے 27 کروڑ سے زائد ہوگئی

تھریڈز کو ہر ماہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد ساڑھے 27 کروڑ سے زائد ہوگئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کیلیفورنیا (ڈیلی پاکستان آن لائن)میٹا نے 5 جولائی 2023 کو ایکس (ٹوئٹر) کے مقابلے پر اپنا سوشل میڈیا پلیٹ فارم تھریڈز متعارف کرایا تھا۔

اب تھریڈز کو سوا سال سے زائد عرصہ مکمل ہوچکا ہے اور اس کے ماہانہ صارفین کی تعداد ساڑھے 27 کروڑ سے زائد ہوگئی ہے۔

اس بات کا اعلان انسٹا گرام اور تھریڈز کے سربراہ ایڈم موسیری کی جانب سے ایک سوشل میڈیا پوسٹ پر کیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ تھریڈز کو ہر ماہ استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد 27 کروڑ 50 لاکھ سے زائد ہوگئی ہے۔

اس عرصے میں تھریڈز کے صارفین کی تعداد میں مستحکم انداز سے اضافہ ہوا ہے مگر آغاز میں جتنی تیزی سے لوگوں نے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا رخ کیا تھا، اب وہ اشتیاق نظر نہیں آتا۔

مگر اب بھی اس کے صارفین کی تعداد میں کافی تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، اپریل 2024 میں یہ تعداد 15 کروڑ جبکہ اگست میں 20 کروڑ تک پہنچی تھی اور اب ساڑھے 27 کروڑ سے زائد ہوگئی ہے۔

یعنی محض 3 ماہ میں تھریڈز کی تعداد میں ساڑھے 7 کروڑ سے زائد کا اضافہ ہوا ہے۔

البتہ میٹا کی جانب سے کبھی یہ نہیں بتایا گیا کہ تھریڈز کو روزانہ کتنے افراد استعمال کرتے ہیں، حالانکہ یہ کمپنی فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹا گرام کو روزانہ استعمال کرنے والوں کے بارے میں اکثر تفصیلات جاری کرتی رہتی ہے۔

اکتوبر 2024 کے آخر میں میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے کمپنی کی تیسری سہ ماہی رپورٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ روزانہ 10 لاکھ افراد تھریڈز کے نئے صارف بن رہے ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں ایکس کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد 55 کروڑ سے زائد ہے۔